ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سمستی پور-سہرسہ پیسنجر ٹرین میں آگ، ایک بوگی جل کر خاکستر، تمام مسافر محفوظ

سمستی پور-سہرسہ پیسنجر ٹرین میں آگ، ایک بوگی جل کر خاکستر، تمام مسافر محفوظ

Mon, 03 Aug 2026 11:54:32    S O News

 سہرسہ  ، 3/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں سمستی پور سے سہرسہ جا رہی ایک پیسنجر ٹرین پیر کی صبح بھیانک آتشزدگی کا شکار ہو گئی، جس کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ مسافر دہشت زدہ رہ گئے۔ سبھی اپنی جان بچانے کے لیے ٹرین سے باہر نکلنے لگے۔ واقعہ سمری بختیار پور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر-2 پر صبح تقریباً 3.40 بجے پیش آیا۔ راحت کی بات یہ رہی کہ وقت رہتے تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا اور اس حادثے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین نمبر 63344 سمستی پور-سہرسہ پیسنجر جیسے ہی سمری بختیار پور اسٹیشن پر پہنچ کر رکی، انجن سے متصل بوگی کے بیٹری باکس کے پاس اچانک دھواں اٹھنے لگا۔ ابتدا میں لوگوں نے اسے معمول کی تکنیکی خرابی سمجھا، لیکن چند ہی منٹوں میں دھواں آگ کے شعلوں میں تبدیل ہو گیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پوری بوگی کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ سے ٹرین کی ایک بوگی مکمل طور پر جل گئی۔ آگ لگتے ہی اسٹیشن احاطے میں افراتفری کا ماحول بن گیا۔ مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی اور لوگ جلد از جلد ٹرین سے باہر نکلنے لگے۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ اسٹیشن پر فوری اعلان کر کے مسافروں سے ٹرین خالی کرنے کی اپیل کی گئی۔ اس کے بعد ریلوے پولیس اور ریلوے ملازمین نے محاذ سنبھالا اور مسافروں کو بحفاظت باہر نکالا۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچیں۔ فائر بریگیڈ اور ریلوے پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی سخت مشقت کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔ بروقت راحت اور بچاؤ کا کام شروع ہونے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔

اس آتشزدگی کے باعث سہرسہ-سمستی پور ریل سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت تقریباً 2 گھنٹے تک متاثر رہی۔ کئی ٹرینوں کو راستے میں روکنا پڑا، جبکہ کچھ ٹرینوں کو تاخیر سے روانہ کیا گیا۔ متاثرہ ٹرینوں میں منیہاری-جینگر جانکی ایکسپریس، کوسی ایکسپریس، دیوگھر پیسنجر اور سمستی پور-سہرسہ پیسنجر سمیت دیگر ریل خدمات شامل رہیں۔ اس کی وجہ سے مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ریلوے حکام کے مطابق ابتدائی جانچ میں بیٹری باکس کے پاس تکنیکی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کے لیے تفصیلی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ ریلوے کی تکنیکی ٹیم موقع پر پہنچ کر متاثرہ کوچ کا معائنہ کر رہی ہے۔ فی الحال صورت حال مکمل طور پر قابو میں ہے اور ریلوے انتظامیہ نے متاثرہ ریل سیکشن پر آمد و رفت معمول پر لانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔


Share: