نئی دہلی ، 31/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی میں 17 اگست کو مکمل ہوئے ایس آئی آر کے تیسرے مرحلہ کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈرافٹ لسٹ جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی میں 1.45 کروڑ ووٹرس میں سے 67.16 فیصد یعنی 97.5 لاکھ ووٹرس کے فارم ڈیجیٹائز ہوئے ہیں۔ دہلی کی تغلق آباد اور اوکھلا اسمبلی حلقوں میں سب سے کم فارم ڈیجیٹائز ہوئے ہیں۔ سامنے آئی جانکاری کے مطابق راجدھانی دہلی کے مجموعی ووٹرس میں تقریباً 47 لاکھ 56 ہزار ووٹرس کے نام چھوٹ گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دہلی کے ووٹرس شائع کیے گئے ڈرافٹ الیکٹورل رول میں اپنا نام سرکاری ویب سائٹ ceodelhi.gov.in پر چیک کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹرس اپنے رجسٹریشن کی صورت حال جاننے اور دیگر خدمات کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ووٹرس سروس پورٹل یا ووٹر ہیلپ لائن ایپ ’ای سی نیٹ‘ کا بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں دہلی چیف الیکشن کمشنر کی ویب سائٹ پر دہلی کا ضلع، اسمبلی حلقہ اور زبان منتخب کر کے کیپچا ڈالنے کے بعد ڈرافٹ کی پی ڈی ایف چیک کی جا سکتی ہے۔ اگر آپ صرف اپنا نام دیکھنا چاہتے ہیں تو ایپک نمبر، ریاست کا نام منتخب کرنے کے بعد کیپچا ڈال کر چیک کر سکتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ایس آئی آر ڈرافٹ فہرست میں نام نظر نہ آنے پر ووٹرس کے پاس اسے درست کرانے کا موقع رہے گا۔ دی گئی جانکاری کے مطابق 31 اگست سے 30 ستمبر 2026 تک دعوے اور اعتراضات درج کرائے جا سکتے ہیں۔ اگر کسی اہل ووٹر کا نام چھوٹ گیا ہے تو وہ فارم-6 بھر کر نام شامل کرانے کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ یہ درخواست آن لائن یا آف لائن، دونوں طریقوں سے دی جا سکتی ہے۔ کمیشن نے یہ بھی بتایا کہ ووٹرس کے دعوے اور اعتراضات موصول ہونے کے بعد ان کی جانچ کی جائے گی۔ دہلی کی حتمی ووٹر لسٹ 4 نومبر 2026 کو شائع کی جائے گی۔