ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گجرات میں موسلا دھار بارش سے تباہی، 50 سے زائد ہلاک، 40 ہزار افراد محفوظ مقام پر منتقل

گجرات میں موسلا دھار بارش سے تباہی، 50 سے زائد ہلاک، 40 ہزار افراد محفوظ مقام پر منتقل

Mon, 27 Jul 2026 11:38:10    S O News

احمد آباد، 27/ جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی)گجرات میں گزشتہ 4 دنوں سے جاری موسلادھار بارش نے معمولات زندگی کو پوری طرح درہم برہم کر دیا ہے۔ مسلسل بارش اور سیلاب جیسے حالات کے باعث ریاست کے کئی اضلاع کو سنگین بحران کا سامنا ہے۔ شدید بارش کے باعث اب تک 50 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور ہزاروں لوگوں کو ریسکیو کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ انتظامیہ کی ٹیمیں مسلسل راحت رسانی کے کام میں مصروف ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق شدید بارش کے باعث ریاست بھر میں 40,000 سے زیادہ لوگوں کو احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ 7,000 سے زیادہ لوگوں کو راحت اور بچاؤ مہم کے تحت بحفاظت نکالا گیا ہے۔ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مسلسل متاثرہ علاقوں میں راحت رسانی کے کام میں مصروف ہیں۔

بارش سے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں نوساری اور ولساڈ شامل ہیں۔ نوساری میں 22 لوگوں اور ولساڈ میں 7 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی بارش سے متعلق حادثات میں کئی لوگوں کی جان گئی ہے۔ مسلسل بارش کے باعث ریاست بھر میں تقریباً 8,000 سے زیادہ بجلی کے کھمبے بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ علاوہ ازیں 650 سے زیادہ سڑکیں بند ہونے سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے اور لوگوں کو نقل و حرکت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سیلاب جیسے حالات بنے ہوئے ہیں۔ راحت اور بچاؤ مہم مسلسل جاری ہے اور متاثرہ لوگوں تک کھانا، پینے کا پانی اور دیگر ضروری سہولیات پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے لوگوں سے مستعد رہنے اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔


Share: