ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کابینہ میں ایچ کے پاٹل کو نظر انداز کرنے پر کانگریس میں ناراضی؛ گدگ-بیٹّاگیری کے 21 کانگریسی کونسلروں کا اجتماعی استعفیٰ

کرناٹک کابینہ میں ایچ کے پاٹل کو نظر انداز کرنے پر کانگریس میں ناراضی؛ گدگ-بیٹّاگیری کے 21 کانگریسی کونسلروں کا اجتماعی استعفیٰ

Tue, 04 Aug 2026 18:19:54    S O News
کرناٹک کابینہ میں ایچ کے پاٹل کو نظر انداز کرنے پر کانگریس میں ناراضی؛ گدگ-بیٹّاگیری کے 21 کانگریسی کونسلروں کا اجتماعی استعفیٰ

بنگلورو، 4 اگست (ایس او نیوز): کرناٹک کابینہ کی حالیہ توسیع میں ریاست کے سینئر کانگریس رہنما اور گدگ اسمبلی حلقہ کے تجربہ کار رکن اسمبلی ایچ کے. پاٹل کو وزارت میں شامل نہ کیے جانے کے بعد گدگ ضلع میں پارٹی کے اندر ناراضی شدت اختیار کر گئی ہے۔ اسی ناراضی کے اظہار میں گدگ-بیٹّاگیری سٹی میونسپل کونسل کے کانگریس سے تعلق رکھنے والے 21 منتخب کونسلروں نے اجتماعی طور پر اپنے استعفے پیش کر دیے ہیں۔ اس پیش رفت کو ضلع میں کانگریس کے اندر اب تک کا سب سے بڑا احتجاجی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع  کے مطابق کابینہ کی توسیع کے اعلان کے فوراً بعد ایچ کے. پاٹل کے حامیوں میں شدید بے چینی پھیل گئی۔ کارکنوں اور منتخب عوامی نمائندوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کئی دہائیوں سے پارٹی کے لیے خدمات انجام دینے والے، انتظامی تجربہ رکھنے والے اور صاف شبیہ کے حامل رہنما کو کابینہ سے باہر رکھنا گدگ ضلع کے عوام اور کانگریس کارکنوں کے جذبات کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

رپورٹس کے مطابق گدگ-بیٹّاگیری سٹی میونسپل کونسل کے کانگریس کے 21 کونسلروں نے احتجاجاً اپنے اجتماعی استعفے متعلقہ حکام کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ وہ  ایچ کے. پاٹل کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے ضلع کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور جب تک اس فیصلے پر نظرثانی نہیں کی جاتی، کارکنوں میں پائی جانے والی ناراضی برقرار رہے گی۔

احتجاجی کونسلروں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا اقدام کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ ضلع کے وقار، پارٹی کارکنوں کے جذبات اور اپنے سینئر رہنما کے احترام کے تحفظ کے لیے ہے۔ انہوں نے پارٹی ہائی کمان سے مطالبہ کیا کہ کابینہ کی تشکیل کے فیصلے پر ازسرنو غور کرتے ہوئے گدگ ضلع کو مناسب نمائندگی فراہم کی جائے۔

کابینہ میں ایچ کے. پاٹل کو جگہ نہ ملنے کے بعد ضلع کے مختلف علاقوں میں کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ کئی مقامات پر پارٹی کارکن جمع ہوئے، نعرے بازی کی اور قیادت سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ناراض کارکنوں کو جلد مطمئن نہ کیا گیا تو یہ معاملہ ضلع کی سیاست تک محدود رہنے کے بجائے ریاستی سطح پر بھی کانگریس کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

ایچ کے پاٹل کا شمار کرناٹک کانگریس کے سینئر ترین رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ وہ متعدد مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں اور ماضی میں اہم وزارتوں کی ذمہ داریاں بھی سنبھال چکے ہیں۔ گدگ ضلع میں ان کا مضبوط سیاسی اثر و رسوخ مانا جاتا ہے، اسی لیے کابینہ میں ان کی عدم شمولیت نے مقامی کارکنوں اور عوامی نمائندوں میں شدید ردعمل پیدا کیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق گدگ-بیٹّاگیری سٹی میونسپل کونسل کے 21 کانگریسی کونسلروں کے اجتماعی استعفے صرف ایک احتجاجی اقدام نہیں بلکہ کانگریس قیادت کے لیے واضح سیاسی پیغام بھی ہیں کہ ضلع کے کارکن  ایچ کے. پاٹل کو کابینہ سے باہر رکھنے کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں۔ آنے والے دنوں میں پارٹی قیادت اس معاملے سے کس طرح نمٹتی ہے، اس پر نہ صرف گدگ ضلع بلکہ پوری ریاست کی نظریں مرکوز رہیں گی۔


Share: