منگلورو، 2 / نومبر (ایس او نیوز) منگلورو کے قریب سمندر میں مچھلی پکڑنے کے دوران کشتی سے گر جانے والے ایک ماہی گیر کو بحفاظت بچاتے ہوئے انڈین کوسٹ گارڈ نے سمندر میں زندگیاں بچانے کے اپنے نصب العین کے عزم کو ایک بار پھر ثابت کیا ہے ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کل آدھی رات کو پیش آیا ۔ ’آئی ایف بی شیو ساگر' نامی ماہی گیر کشتی سے وی ایچ ایف (VHF) کے ذریعے ایک ہنگامی کال موصول ہوئی ۔ یہ کشتی منگلورو سے تقریباً 54 ناٹیکل میل (100 کلومیٹر) دور موجود تھی ۔ مچھلی پکڑنے کا جال کھینچتے وقت ایک ماہی گیر سمندر میں گر گیا تھا ۔ کشتی کے عملے نے اسے پانی سے باہر تو نکال لیا، لیکن اسے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی ۔
ہنگامی کال موصول ہوتے ہی انڈین کوسٹ گارڈ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز-3 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن کے لیے ’آئی سی جی ایس سی-448' کو روانہ کیا ۔ جس نے رات کے گھپ اندھیرے کے باوجود ماہی گیر کشتی کو کامیابی سے تلاش کر لیا۔
مصیبت زدہ ماہی گیر کو بحفاظت کشتی سے نکالا گیا اور اسے فوری طبی امداد (فرسٹ ایڈ) فراہم کرنے کے ساتھ ’نیو منگلورو پورٹ اتھارٹی‘ کی جیٹی (گھاٹ) پر پہنچایا گیا ۔ اس کے بعد مزید علاج کے لیے اسے قریبی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ۔