ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پریاگ راج میں پروگرام منسوخی پر کانگریس کا بی جے پی پر حملہ، ’راہل گاندھی سے خوفزدہ ہے حکومت‘

پریاگ راج میں پروگرام منسوخی پر کانگریس کا بی جے پی پر حملہ، ’راہل گاندھی سے خوفزدہ ہے حکومت‘

Thu, 06 Aug 2026 18:02:49    S O News

پریاگ راج ، 6/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی کے پریاگ راج میں مجوزہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کی بکنگ اچانک منسوخ ہونے پر کانگریس لیڈران کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت ڈری ہوئی ہے۔ جب بھی راہل گاندھی ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے ذریعہ طلبہ سے بات چیت کرتے ہیں تو ان کی راہ میں مشکلیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے پروگرام کی بکنگ منسوخ ہونے پر حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ ’’پتہ نہیں وہ کس بات سے ڈرے ہوئے ہیں۔‘‘

کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ (حکومت کے لوگ) راہل گاندھی سے ڈرتے ہیں۔ وہ ایوان میں بھی ان کا سامنا نہیں کرتے۔ جب بھی راہل گاندھی ’چھاتروں کی گونچ‘ پروگرام کے ذریعہ طلبہ سے بات چیت کرتے ہیں تو مشکلیں کھڑی کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ وہ بار بار ایسا کرتے رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’چھاتروں کی گونج پروگرام ہو کر رہے گا۔ وہ ایوان کے اندر بھی ڈرے ہوئے ہیں اور باہر بھی۔ انہیں ڈرنے دیجیے۔ ہم بھی انہیں ہمیشہ ڈراتے رہیں گے۔‘‘

پریاگ راج میں راہل گاندھی کے پروگرام کی بکنگ منسوخ ہونے پر کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ بی جے پی کی ڈری ہوئی حکومتیں ہیں۔ دہرادون کے پروگرام میں بھی حکومت نے رکاوٹ ڈالی۔ پریاگ راج کے پروگرام میں بھی رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ راہل گاندھی کا پروگرام وقتِ مقررہ پر ہو۔‘‘

اس سے قبل اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے کا بھی پریاگ راج میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کی بکنگ منسوخ کرنے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی 8 اگست کو پریاگ راج میں طلبہ سے بات چیت کرنے والے ہیں، لیکن بی جے پی حکومت مکمل کوشش کر رہی ہے کہ راہل گاندھی کا پروگرام پریاگ راج میں نہ ہو سکے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’پریاگ راج میں جہاں یہ پروگرام ہونا تھا، وہاں کی اجازت دینے کے بعد اب اسے منسوخ کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی نے ایسی ہی کوشش راجستھان کے کوٹہ اور اتراکھنڈ کے دہرادون میں کی تھی، لیکن پروگرام ہو کر رہا تھا۔ اسی طرح بی جے پی حکومت کو پریاگ راج میں بھی پروگرام کی اجازت دینی پڑے گی، وہ راہل گاندھی اور نوجوانوں کی آواز نہیں دبا سکتے۔‘‘


Share: