ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہار میں سیلاب کا قہر، پٹنہ سمیت 18 اضلاع میں 6.65 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر

بہار میں سیلاب کا قہر، پٹنہ سمیت 18 اضلاع میں 6.65 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر

Sat, 05 Sep 2026 11:34:10    S O News

 پٹنہ ، 5/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)بہار میں سیلاب کا اثر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ پٹنہ ضلع کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے۔ ضلع کے 9 بلاکس کی تقریباً 2.32 لاکھ آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی ہے۔ پانی کی سطح بڑھنے کے ضلع انتظامیہ نے راحت اور بچاؤ کا کام تیز کر دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کو کھانا فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے 8 کمیونٹی کچن شروع کیے ہیں، اب تک تقریباً 5900 لوگوں کو کھانا کھلایا جا چکا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی ضرورتوں پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریاست کے 18 اضلاع میں سیلاب کا پانی پھیل چکا ہے، جس کی وجہ سے 6.65 لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کو راحتی کیمپوں اور کمیونٹی کچن کے ذریعہ کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ بہار میں گنگا، گنڈک اور پُنپُن سمیت 9 ندیاں اب بھی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں۔ دریاؤں کی سطح آب بڑھنے سے انتظامیہ کی تشویش بھی بڑھ گئی ہے۔ دریا کے کنارے اور نشیبی علاقوں میں خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔

گنگا سمیت مختلف دریاؤں کی سطح آب اور پشتوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کی ٹیمیں مسلسل صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاکہ کہیں پشتے پر دباؤ بڑھنے یا پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں فوری کارروائی کی جاسکے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کے لیے 27 ایس ڈی آر ایف اور 9 این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ضرورت پڑنے پر ان ٹیموں کی مدد سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کی توجہ فی الحال متاثرہ لوگوں کو محفوظ رکھنے اور انہیں کھانے سمیت ضروری سہولیات فراہم کرنے پر ہے۔


Share: