ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: ہزاروں عقیدت مندوں کی موجودگی میں ماری ہبّااختتام پذیر، جالی کوڈی ساحل پر مورتی وسرجن

بھٹکل: ہزاروں عقیدت مندوں کی موجودگی میں ماری ہبّااختتام پذیر، جالی کوڈی ساحل پر مورتی وسرجن

Thu, 06 Aug 2026 23:00:10    S O News
بھٹکل: ہزاروں عقیدت مندوں کی موجودگی میں ماری ہبّااختتام پذیر، جالی کوڈی ساحل پر مورتی وسرجن

بھٹکل، 6 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ کے تاریخی اور مشہور ماری دیوی (ماری ہبّا) کا سالانہ تہوار جمعرات کی شام ہزاروں عقیدت مندوں کی موجودگی میں جالی کوڈی سمندر کے ساحل پر مورتی کے وسرجن کے ساتھ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔

دو روز سے ماری کامبا مندر کے گدّوگے (خصوصی مقام) پر ماری دیوی کی مورتی نصب کی گئی تھی، جہاں خصوصی پوجا، نذرانے اور دیگر مذہبی رسومات ادا کی گئیں۔ جمعرات کی صبح سے ہی بھٹکل تعلقہ کے علاوہ اطراف کے دیہاتوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند مندر پہنچے۔ دیوی کے درشن کے لیے طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں، جہاں زائرین نے پھل اور ناریل پیش کرکے پوجا کیں۔

شام تقریباً 4:30 بجے مندر میں مہا منگل آرتی اور وسرجن پوجا کے بعد ماری دیوی کی مورتی کو گدّوگے سے اتارا گیا۔ اس کے بعد عقیدت مندوں نے مورتی کو اپنے سروں پر اٹھا کر مذہبی نعروں کے درمیان ایک شاندار جلوس کی شکل میں روانہ کیا۔ یہ جلوس ماری کٹہ مین روڈ سے بندر روڈ، ہنومان نگر اور کریکل روڈ سے ہوتا ہوا شام تقریباً 6:30 بجے جالی کوڈی سمندر کے ساحل تک پہنچا۔

جہاں مندر انتظامیہ، رضاکاروں اور ہزاروں عقیدت مندوں کی موجودگی میں مذہبی رسومات ادا کرنے کے بعد ماری دیوی کی مورتی کو سمندر میں وسرجن کردیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی رواں سال کے ماری دیوی تہوار کی تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ اس موقع پر مندر کے صدر شری پد کنچوگار سمیت انتظامی کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔

تہوار کے پیش نظر ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این کی نگرانی میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔


Share: