بھٹکل، 4 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل کے معروف تعلیمی ادارے تربیت ایجوکیشن سوسائٹی (ادارہ تربیت اخوان بھٹکل) کے اجلاس میں آئندہ میعاد جولائی 2026 تا جولائی 2030 کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں اتفاقِ رائے سے محمد اقبال ائیکری کو ادارے کا ناظم منتخب کیا گیا۔
بعد ازاں یکم اگست کو نو منتخب ناظم محمد اقبال ائیکری کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں دیگر عہدیداران کا بھی تقرر باہمی مشاورت سے کیا گیا۔ اس کے مطابق مولوی ضیاء الرحمن رکن الدین ندوی نائب ناظم، مولوی سید قطب برماور ندوی سکریٹری (اسکول و کالج بورڈ)، ڈاکٹر اویس خواجہ رکن الدین فائنانس سکریٹری اور سید لنکا ضیاء الحق محاسب مقرر کیے گئے۔
اجلاس میں تعلیمی بورڈ کی بھی تشکیل دی گئی، جس میں نذیر احمد قاضی، مولوی سید احمد سالک برماور ندوی، عبدالتواب اکرمی، سید زہیر (ایس ایم مارکیٹ)، سید ریان برماور، مولوی ذاکر الحق عمری، عبدالمنعم رکن الدین، نوید ائیکری، سید مقبول ایس ایم اور یونس رکن الدین کو بطور اراکین شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر انتظام نیو شمس اسکول، شمس پی یو کالج اور الکوثر گرلز کالج گزشتہ تقریباً 55 برس سے بھٹکل اور اطراف کے طلبہ و طالبات کو تعلیمی، دینی اور اخلاقی تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ ادارہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور ہمہ جہت شخصیت سازی پر بھی خصوصی توجہ دیتا ہے۔
اجلاس میں سابق ناظم اسماعیل محتشم، سابق چیئرمین اسکول بورڈ نذیر احمد قاضی اور دیگر ذمہ داران کی گزشتہ دو میعادوں کے دوران انجام دی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی کاوشوں پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔