ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے وفد کی کاروار میں ڈپٹی کمشنر اور ایس پی سے ملاقات؛ اہم ترقیاتی اور انتظامی مسائل پر گفتگو

بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے وفد کی کاروار میں ڈپٹی کمشنر اور ایس پی سے ملاقات؛ اہم ترقیاتی اور انتظامی مسائل پر گفتگو

Thu, 20 Aug 2026 12:15:30    S O News
بھٹکل رابطہ سوسائٹی کے وفد کی کاروار میں ڈپٹی کمشنر اور ایس پی سے ملاقات؛ اہم ترقیاتی اور انتظامی مسائل پر گفتگو

بھٹکل 20/ اگست (ایس او نیوز ) رابطہ سوسائٹی، بھٹکل کے ذمہ داران اور اراکین پر مشتمل ایک وفد نے کاروار پہنچ کر اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر محترمہ لکشمی پریا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این سے ملاقات کی۔ جس کے دوران بھٹکل کے مختلف اہم عوامی، ترقیاتی، انتظامی اور امن و امان سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد میں رابطہ سوسائٹی کے صدر جناب مصباح عمر فاروق، جنرل سکریٹری ڈاکٹر منیری عتیق الرحمن، محتشم جیلانی، مولانا صابر علی اکبرا، آفتاب ایم جے، یاسین عسکری، مولانا عبدالعظیم رکن الدین، اطہر پیرزادے، ہاشم معلم، نثار ایم جے، حبیب اللہ محتشم اور عبدالسميع کولا شامل تھے۔

ملاقات کے آغاز میں جنرل سکریٹری ڈاکٹر منیری عتیق الرحمن نے وفد کی آمد کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل ایک اہم ساحلی علاقہ ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متعدد مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ سوسائٹی کا مقصد عوامی مسائل کو متعلقہ حکام تک مؤثر انداز میں پہنچانا اور ان کے حل کے لیے انتظامیہ کے ساتھ مثبت تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سے ترقیاتی مسائل پر گفتگو: ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا سے ملاقات کے دوران بھٹکل کے مختلف ترقیاتی مسائل کے ساتھ نیشنل ہائی وے کے جاری کام سے عوام کو درپیش مشکلات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت میں مزید آٹھ ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ اس موقع پر ہائی وے کی تکمیل، ٹریفک کے مسائل، عوام کو درپیش مشکلات اور سفر کے دوران عوامی سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وفد نے UGD (Under Ground Drainage) کے مسئلے کو بھی خصوصی طور پر انتظامیہ کے سامنے رکھا۔ UGD کے جاری کام، نکاسیٔ آب اور اس سے وابستہ عوامی مشکلات پر گفتگو کرتے ہوئے اس مسئلے کے مستقل اور مؤثر حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ وفد نے بتایا کہ تقریباً چار سال قبل ماہرین کے معائنے کی بنیاد پر UGD کی ایک تکنیکی رپورٹ پیش کی گئی تھی، تاہم اس پر اب تک کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے رپورٹ دوبارہ ارسال کرنے کی درخواست کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر خصوصی توجہ دیں گی۔

اے ڈی سی ساجد ملا سے SIR پر تفصیلی گفتگو: ایڈشنل  ڈپٹی کمشنر ساجد ملا سے ملاقات کے دوران SIR کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے SIR سے متعلق مختلف امور، عوام کو درپیش مشکلات اور ضروری وضاحتوں کے حوالے سے اپنے نکات پیش کیے اور متعلقہ مسائل سے اے ڈی سی کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران رابطہ سوسائٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کو  مومنٹو بھی پیش کیا گیا۔

Bhatkal Rabita Delegation Karwar-1 (3)

ایس پی سے منشیات اور پولیس و عوام کے تعلقات پر گفتگو: بعد ازاں وفد نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این سے ملاقات کی۔ صدر جناب مصباح فاروق اور جنرل سکریٹری ڈاکٹر منیری عتیق الرحمن نے ایس پی کو رابطہ سوسائٹی کی جانب سے مومنٹو پیش کیا۔

ملاقات کے دوران بھٹکل میں امن و امان، مختلف شاہراہوں پر غیر قانونی دکانوں اور تجاوزات، بالخصوص نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال کے مسئلے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے منشیات کی روک تھام اور نوجوانوں کو اس خطرناک لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ایس پی جناب دیپن ایم این نے وفد کو بتایا کہ منشیات کے خلاف پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں مسلسل نگرانی اور قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے پولیس اور عوام کے درمیان بہتر روابط کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اگر عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے رابطہ سوسائٹی کی جانب سے کوئی مناسب تجاویز پیش کی جائیں تو پولیس محکمہ ان پر سنجیدگی سے غور کرے گا اور موزوں تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جائے گی۔

ایس پی نے مزید بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال یا فوری پولیس مدد کی ضرورت کے وقت عوام 112 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جس کے بعد پولیس بروقت کارروائی کے لیے موقع پر پہنچنے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت کی جانب سے عوام تک اہم معلومات پہنچانے کے لیے گھر گھر جا کر ضروری معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملاقات کے اختتام پر رابطہ سوسائٹی کے ذمہ داران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھٹکل کی ترقی، نیشنل ہائی وے اور UGD جیسے بنیادی مسائل کے حل، عوامی سہولیات میں بہتری، امن و امان کے قیام اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے انتظامیہ، پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

ملاقات کے دوران افسران نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کو توجہ اور سنجیدگی سے سنا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات کا یقین دلایا۔ ملاقات خوشگوار، مثبت اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

Click here for photos


Share: