ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر کا دورۂ بھٹکل؛ تنظیم کو غیر مسلم ضرورت مندوں تک بھی فلاحی خدمات وسیع کرنے کی تجویز

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر کا دورۂ بھٹکل؛ تنظیم کو غیر مسلم ضرورت مندوں تک بھی فلاحی خدمات وسیع کرنے کی تجویز

Wed, 29 Jul 2026 19:17:37    S O News
جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر کا دورۂ بھٹکل؛ تنظیم کو غیر مسلم ضرورت مندوں تک بھی فلاحی خدمات وسیع کرنے کی تجویز

بھٹکل، 29 جولائی (ایس او نیوز): جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے اپنے دورۂ بھٹکل کے موقع پر مجلس اصلاح و تنظیم کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تنظیم کے ذمہ داران کے ساتھ خصوصی نشست میں مختلف سماجی، تعلیمی اور رفاہی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر مولانا ولی اللہ سعیدی فلاحی نے تنظیم کی جانب سے ایک صدی سے زائد عرصے سے انجام دی جانے والی سماجی، تعلیمی اور رفاہی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مجلس اصلاح و تنظیم نے بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں عوامی خدمت کی ایک شاندار روایت قائم کی ہے، جس کے مثبت اثرات معاشرے کے مختلف طبقات پر مرتب ہوئے ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ تنظیم اپنی فلاحی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے ایک علیحدہ شعبہ قائم کرے، جس کے ذریعے بھٹکل اور اطراف کے علاقوں میں رہنے والے غریب اور ضرورت مند غیر مسلم خاندانوں تک بھی امدادی سرگرمیوں کو منظم انداز میں پہنچایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام انسانیت، ہمدردی اور عدل کا مذہب ہے، اس لیے مذہب، ذات پات اور برادری سے بالاتر ہوکر ہر مظلوم اور محتاج انسان کی مدد کرنا ہی حقیقی اسلامی تعلیمات اور انسانیت کا تقاضا ہے۔

maulana-waliullah-falahi-bhatkal-tanzeem.jpg

مولانا نے اس امید کا اظہار کیا کہ اگر تنظیم اس سمت میں پیش قدمی کرے تو اس سے مختلف طبقات کے درمیان باہمی اعتماد، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ تنظیم کی خدمات کا دائرہ بھی پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں وسیع ہوگا۔ 

جماعت اسلامی ہند کرناٹک کے سکریٹری اور مجلس العلماء کے ناظم مولانا وحید الدین خان عمری نے بھی مختصرا اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے سرگرمیوں پر خوشی ظاہر کی۔ 

نشست کے آغاز میں تنظیم کے سرگرم رکن مولوی یاسر برماور ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے تنظیم کا مختصر تعارف اور اس کی خدمات کا اجمالی خاکہ پیش کیا۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے صدارتی خطاب کیا۔ آخر میں رکنِ انتظامیہ یونس رکن الدین نے کلمۂ تشکر ادا کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند علاقہ منگلورو کے ناظم سعید اسماعیل، تنظیم کے نائب صدر قمر سعدا، بلال قمری، عبدالسلام، تنظیم کے دیگر اراکین اور جماعت اسلامی ہند کے مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: