بھٹکل 11/اگست (ایس او نیوز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی اور جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی کے بھٹکل دورے کے موقع پر عمائدین قوم، گلف جماعتوں کے ذمہ داران اور پڑوسی علاقوں کی مختلف جماعتوں کے ذمہ داران کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
نشست میں مولانا فضل الرحیم مجددی نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے قیام کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بورڈ کی بنیادی ترجیحات میں تحفظِ شریعت، تفہیمِ شریعت اور تنفیذِ شریعت شامل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تحفظِ شریعت کے ساتھ ساتھ شریعت کے احکام اور اس کی تعلیمات کو عام کرنا اور معاشرے میں ان کی صحیح تفہیم پیدا کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔
مولانا مجددی نے کہا کہ خصوصاً نئی نسل اور خواتین سمیت پورے معاشرے کو شریعت کے احکام، ان کی حکمت اور اسلامی عائلی نظام کی اہمیت سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح تنفیذِ شریعت کا مقصد یہ ہے کہ مسلمان اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں شریعت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور اسلامی احکام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے مختلف شعبوں میں انجام دی جانے والی سرگرمیوں اور کوششوں کا بھی جائزہ پیش کیا اور پروگرام میں شریک مختلف جماعتوں اور اداروں کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ بورڈ کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور معاشرے میں شریعت سے متعلق صحیح شعور پیدا کرنے کے لیے اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔
اس موقع پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے نشست کی صدارت کی۔ بورڈ میں شامل بھٹکل کے ذمہ داران مولانا الیاس جاکٹی ندوی، مولوی عبدالعلیم قاسمی، مولانا مقبول کوبٹے ندوی اور عتیق الرحمن منیری بھی موجود تھے۔