ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہماچل پردیش کے چمبا میں بس حادثہ، 7 افراد جاں بحق، 11 زخمی

ہماچل پردیش کے چمبا میں بس حادثہ، 7 افراد جاں بحق، 11 زخمی

Sat, 08 Aug 2026 12:11:30    S O News
ہماچل پردیش کے چمبا میں بس حادثہ، 7 افراد جاں بحق، 11 زخمی

شملہ، 8 اگست (ایس او نیوز/ایجنسی): ہماچل پردیش کے چمبا ضلع میں ہفتے کی صبح ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 7 افراد کی موت ہوگئی، جبکہ 11 افراد زخمی بتائے جارہے ہیں۔ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاع کے مطابق ایک پرائیویٹ بس صبح تقریباً 6:30 بجے بیرا گڑھ سے چمبا کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً 3 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد تیسا-بیرا گڑھ مین روڈ پر دیوی کوٹھی کے قریب چالوج موڑ پر بس سڑک سے پھسل کر الٹ گئی اور خاصی بلندی سے نیچے دوسری سڑک پر جا گری۔ خبر کے مطابق بس میں کل 18 افراد سوار تھے۔

حادثے میں کچھ مسافر بس کے نیچے دب گئے، جس کے بعد مقامی باشندے اور راہگیر موقع پر جمع ہوگئے اور مسافروں کو بس سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد اہلکار بھی موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائی شروع کی۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس بری طرح تباہ ہوگئی۔

ہماچل پردیش کے بعض مقامی میڈیا اداروں نے ہلاکتوں کی تعداد 8 بھی بتائی ہے، تاہم چمبا ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے میں 7 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کی وجہ اور مہلوکین و زخمیوں کی شناخت کے حوالے سے فی الحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ چمبا ضلع میں گزشتہ کچھ عرصے سے سڑک حادثات تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران مختلف سڑک حادثات میں 25 سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے۔ حال ہی میں چمبا کی سرحد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک ٹاٹا سومو حادثے کا شکار ہوگئی تھی، جس میں 13 مسافروں کی موت ہوئی تھی۔

اسی طرح 28 جولائی کو بھی چمبا میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ پٹھان کوٹ-بھرمور قومی شاہراہ پر لہاڑ گاؤں کے قریب ایک گاڑی بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری تھی۔ بتایا گیا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد کسی مریض کے علاج کے لیے جارہے تھے۔ حادثے میں ایک بچے سمیت 5 افراد کی موت ہوئی تھی۔


Share: