چنئی 30 اگست (ایس او نیوز): تمل ناڈو میں پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں مجموعی طور پر چھ افراد ہلاک جبکہ سات دیگر زخمی ہوگئے۔ پہلا حادثہ تروولور ضلع میں پیریاپالایم کے قریب پیش آیا، جہاں ایک ہی خاندان کے تین افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب ان کا آٹو رکشا آگے جارہی لاری سے ٹکرا کر الٹ گیا۔ دوسرے حادثے میں مدورانتھکم کے قریب ٹائر پھٹنے کے بعد ایک SUV بے قابو ہوکر حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں تین کالج طلبہ ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔
پیریاپالایم حادثہ:
تروولور ضلع کے پیریاپالایم کے قریب یہ حادثہ ہفتہ کی رات پیش آیا، جب چنئی کے کوڈونگئیور سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان آٹو رکشا میں پیریاپالایم مندر میں درشن کے لیے جارہا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق آٹو رکشا لاری کے پیچھے چل رہا تھا کہ پانپاکم کے قریب ایک بس اسٹاپ کے نزدیک ڈرائیور لونا تھن کے کنٹرول سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور آگے جارہی لاری سے جا ٹکرائی۔ ٹکر کے بعد آٹو رکشا سڑک پر الٹ گیا۔
آٹو رکشا میں ڈرائیور لوگناتھن (42)، ان کی اہلیہ پونگوڈی (39)، بیٹی دھنالکشمی (10)، ساس رادھا (65) اور دو دیگر بچے، گوکل (10) اور پرشانت (15)، سوار تھے۔ حادثے میں پونگوڈی کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ شدید زخمی رادھا اور گوکل نے پیریاپالایم کے ابتدائی مرکز صحت میں دوران علاج دم توڑ دیا۔ اس طرح حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد ہلاک ہوگئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے تروولور کے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مدورانتھکم حادثہ:

دوسرا المناک حادثہ چنگل پٹو ضلع کے مدورانتھکم کے قریب چنئی–تریچی نیشنل ہائی وے پر پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق ایک نجی یونیورسٹی کے سات طلبہ پڈوچیری کی سیر کے بعد SUV کے ذریعے چنئی واپس آرہے تھے۔ جمعہ کی رات تقریباً 8:45 بجے جب گاڑی مدورانتھکم کے قریب پہنچی تو اس کا پچھلا ٹائر اچانک پھٹ گیا۔ ڈرائیور ہری کرشنن (19) گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور SUV بے قابو ہوکر الٹ گئی اور سڑک کے مرکزی ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی۔
حادثے میں دیپک راج (19)، بیوٹرن اسٹالینیجو (22) اور راج پرساد (19) ہلاک ہوگئے۔ دیپک راج کا تعلق کڈلور ضلع کے وڈالور سے، بیوٹرن اسٹالینیجو کا تعلق کنیاکماری سے جبکہ راج پرساد کا تعلق کرور سے بتایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دیپک راج اور بیوٹرن اسٹالینیجو کو مدورانتھکم سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا، جبکہ راج پرساد کو چنگل پٹو سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن وہ بھی دوران علاج جانبر نہ ہوسکا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر چار طلبہ کی شناخت لوگیشورَن (18)، رام پرساد (19)، انیشورَن (18) اور ڈرائیور ہری کرشنن کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں چنگل پٹو اور مدورانتھکم کے سرکاری اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی گئی، تاہم بعض کی حالت تشویشناک تھی۔
پولیس نے حادثے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام گاڑی کی حالت، ٹائر پھٹنے کی وجہ اور حادثے کے دیگر اسباب کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حادثے کے بعد چنئی–تریچی قومی شاہراہ پر کچھ دیر تک ٹریفک بھی متاثر رہی۔
اس طرح تمل ناڈو میں پیش آئے ان دو الگ الگ حادثات نے مجموعی طور پر چھ خاندانوں کو غم میں مبتلا کردیا، جبکہ سات افراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔