بھٹکل، 2 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل سے منسلک تقریباً سبھی جماعتوں پر مشتمل پانچویں بین الجماعتی کانفرنس کی تجاویز پر عمل درآمد کے لیے تشکیل دی گئی 32 رکنی کونسل کا کنوینر مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی اور نائب کنوینر جناب عبدالواجد کولا کو مقرر کیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع پانچویں بین الجماعتی کانفرنس کے کنوینر جناب منیری عتیق الرحمن نے دی۔
پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے جناب منیری نے بتایا کہ 17، 18 اور 19 جنوری 2026 کو بھٹکل کی سرحد پر واقع معروف ایم ایم ریزورٹ میں پانچویں بین الجماعتی کانفرنس منعقد ہوئی تھی۔ کانفرنس میں منظور کی گئی تجاویز سے عوام الناس کو آگاہ کرنے کے لیے مردوں اور خواتین کے دو علیحدہ اجلاسِ عام بھی 11 اور 12 فروری 2026 کو منعقد کیے جاچکے ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق، کانفرنس میں قوم کے اہم اور حساس مسائل کے ساتھ مستقبل کے چیلنجوں کو بھی پیش نظر رکھتے ہوئے طلبہ کی مؤثر ذہن سازی، تربیت و رہنمائی، شبینہ مکاتب کا استحکام، تعلیمِ بالغاں، قومی و سیاسی قیادت کے لیے مؤثر حکمت عملی، میونسپلٹی و پنچایت کے کونسلروں کے انتخاب کی منصوبہ بندی، سرکاری مراعات سے استفادہ، تعلیم یافتہ و بے روزگار نوجوانوں کے لیے تجارتی و سرمایہ کاری کے مواقع، معاشرتی بے راہ روی اور منشیات کی روک تھام، اخلاقی بگاڑ کا سدباب، منگنی و شادی بیاہ میں رائج غیر شرعی رسوم و رواج کا خاتمہ، غیر سودی مالیاتی اداروں کا قیام، خلع و طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے، مساجد کو مرکز بنا کر اصلاحِ معاشرہ، وراثت کی بروقت تقسیم، بھٹکل کمیونٹی کا ڈیجیٹل ڈیٹا بیس، اجتماعی فیصلوں کے مؤثر نفاذ، کھیلوں میں اسراف کی روک تھام اور باہمی اتحاد، اخوت و دینی ہم آہنگی سمیت متعدد اہم تجاویز منظور کی گئی تھیں۔
پریس ریلیز کے مطابق، ان تجاویز کو مؤثر طور پر عملی جامہ پہنانے کے لیے 32 رکنی بین الجماعتی کونسل تشکیل دی گئی ہے، جس میں پانچوں مرکزی اداروں—مجلس اصلاح و تنظیم، انجمن حامی مسلمین، جامعہ اسلامیہ، جماعت المسلمین اور مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین—کے علاوہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل، انڈین نوائط فورم، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن اور ابناء جامعہ اسلامیہ کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر کنوینر کے انتخاب میں چند ماہ کی تاخیر ہوئی۔ تاہم، 27 اگست کو منعقدہ بین الجماعتی کونسل کے اجلاس میں، جس میں مذکورہ اداروں کے نمائندگان کی بڑی تعداد شریک تھی، آئندہ پانچ سالہ مدت کے لیے اتفاقِ رائے سے مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی کو کنوینر اور جناب عبدالواجد کولا کو نائب کنوینر منتخب کیا گیا۔