بنگلورو،17؍ فروری (ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے آج اعلان کیا ہے کہ سوائے بنگلورو اور ریاست کیرالا کی سرحدی اضلاع کے اسکولوں کے ریاست میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے بچوں کیلئے 22 ؍فروری سے باقاعدہ کلاسوں کا آغاز کردیا جائے گا۔ بنگلورو اور کیرلا سے ملحق اضلاع سے صرف 8 ویں جماعت کے بچوں کے لئے 22 ؍فروری سے کلاسوں کو شروع کیا جائے گا۔
ریاستی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ایس سریش کمار نے آج یہ اطلاع دی ہے ۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ تعلیمی سال 2021-2022 کا آغاز 15 ؍جولائی سے ہو گا۔ پہلی تا 5 ویں جماعت کے بچوں کے لئے کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ اگلے ہفتہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تکنیکی مشاورتی کمیٹی کی ایک بیٹھک کل پیر کے دن ہوئی ۔ اس بیٹھک کے بعد کمیٹی ہی نے یہ سفارش کی ہے کہ سوائے بنگلورو اور کیرلا سرحدی اضلاع کے دیگر علاقوں میں چھٹی تا آٹھویں جماعت کے طلباء کے لئے کلاسوں کو شروع کر دیا جانا چاہئے ۔ ان کلاسوں میں بچوں کی شرکت کے لئے ان کے والدین کی رضامندی لازمی ہے ۔
اس سے قبل ریاستی حکومت نے 9 ویں اور 11 ویں جماعتوں کے طلبا کو اپنے اسکولوں کے احاطہ میں اپنے سینئرس اور اساتذہ سے ملاقات کرنے یکم فروری سے اجازت دی تھی۔ اس سے قبل محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم ہی نے دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات یا ایس ایس ایل سی امتحان 14 اور 25 ؍جون کے در میان منعقد کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ 6 تا 8 ویں جماعتوں کیلئے ودیا گما اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کمیٹی ہی نے کیا تھا۔ پہلی تا 5 ویں جماعتوں کے بچوں کے لئے حسب معمول کلاسوں کو چلانا چاہے یا نہیں ، اس کا فیصلہ کر نے کمیٹی کی ایک اور بیٹھک قریب ہوگی۔ 10 ویں اور 12 ویں جماعتوں کے لئے با قاعدہ کلاسوں کا آغاز یکم جنوری سے ہو چکا ہے ۔ ریاست کرنا ٹک میں ان کلاسوں میں شرکت کے لئے اساتذہ کے لئےکووڈ ۔19 ٹسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔