نئی دہلی،04؍ مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات اور سال 2019 میں ہونے والے عام انتخابات سے پہلے کانگریس نے حکمراں بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لئے اپنی تیاری کے تحت زراعت، روزگار اور غربت سے منسلک مسائل کو اٹھانے کافیصلہ کیاہے۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ قومی دارالحکومت میں 16 سے لے کر 18مارچ تک ہونے والے کانگریس کے مکمل سیشن کے لئے زرعی، روزگار اور غربت کے خاتمے سے متعلق مسائل کو لے کر ایک علیحدہ قرارداد منظور کیا جائے گا۔2010میں ہوئے آخری مکمل سیشن کے دوران زراعت اور روزگار کے مسائل اقتصادی پیشکش کا حصہ تھے۔کانگریس نے ہریانہ کے وزیر اعلی بھوپیندر سنگھ ہڈا کی صدارت میں زراعت، روزگار اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے ایک نو رکنی گروپ بھی بنایا ہے۔ پارٹی لیڈر میناکشی نٹراجن گروپ کی کنوینر ہیں۔نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے بتایاکہ اس وقت ملک میں کسان بحران میں ہیں۔گہرے زراعت بحران کو دیکھتے ہوئے ایک مختلف قرارداد منظور کئے جانے کی ضرورت ہے جو اس بارے میں پارٹی کی ممکنہ سرگرمیوں کے لئے ہدایات دے سکے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلاموقع نہیں ہے جب زراعت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر پارٹی ایک مختلف قرارداد منظور کرے گی۔کانگریس نے سال 2001 میں بھی ایسا ہی قرارداد منظور کیا تھا۔لیڈر نے دعوی کیاکہ جب ہم اقتدار میں تھے( 2014تک)تب ہم نے کافی اقدامات کئے تھے۔ جب ہمارا پچھلا اجلاس ہوا تھا تب حالات بہتر تھے۔