ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 2۔جی معاملہ:راجا اورکنی موژی پھر مشکل میں، کورٹ نے بھیجا نوٹس

2۔جی معاملہ:راجا اورکنی موژی پھر مشکل میں، کورٹ نے بھیجا نوٹس

Wed, 21 Mar 2018 23:10:38    S.O. News Service

نئی دہلی،21؍مارچ (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا) دہلی ہائی کورٹ نے2۔جی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں اینفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی درخواست پر سابق وزیر مواصلات اے راجا ، ڈی ایم کے رہنما کنی موژی اور دیگر کو آج نوٹس بھیجا ۔عرضی میں ان کی رہائی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔جسٹس ایس پی گرگ نے2۔جی اسپیکٹرم الاٹمنٹ گھوٹالہ معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی)کی اس درخواست پر بھی راجا، کنی موژی اور دیگر کو نوٹس جاری کیا جس میں انہیں بری کرنے کے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔عدالت نے کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کے ذریعہ ضبط کی گئی جائیدادکے سلسلے میں تذبذب بنارہے گا ۔ای ڈی نے19مارچ کو ہائی کورٹ کا رخ کیا اور2۔جی سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں تمام ملزمان کی رہائی کے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا۔منگل کے روز، سی بی آئی نے بھی معاملے میں تمام ملزمان کی رہائی کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔خصوصی عدالت نے گزشتہ سال21دسمبر کو سی بی آئی اور ای ڈی کی طرف سے درج کرائے گئے معاملے میں ان کو بری کر دیا تھا۔راجا اورکنی موژی کے علاوہ خصوصی عدالت نے ای ڈی کے معاملے میں ڈی ایم کے سربراہ ایم کروناندھی کی بیوی دیالو امل،ایس ٹی پی ایل کے شاہد بلوا اور ونود گوینکا، کسگاؤں فروٹس اینڈ ویجٹیبلس پرائیویٹ لمیٹڈ کے آصف بلوا اور راجیو اگروال، فلم ساز کریم مورانی، پی امرتم اور کلیگنار ٹی وی کے ڈائرکٹر شرد کمار سمیت17دیگر کو بری کیا تھا۔ای ڈی نے اپنے چارج شیٹ میں کہا تھا کہ سوان ٹیلی کام پرائیویٹ لمیٹڈ نے کلیگنار ٹی وی کے پرموٹر کو200کروڑ روپے دئیے تھے۔


Share: