نئی دہلی،25جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)تجارت وصنعت اور شہری ہوابازی کے وزیر دوسری خدمات سربراہ ملاقات 2018 سے خطاب کرتے ہوئے۔تجارت وصنعت اور شہری ہوابازی کے وزیر سریش پربھو نے آج نئی دہلی میں کہا ہے کہ عالمی پیمانے پر افزوں تحفظاتی رجحانات کے باوجود بھارت کی برآمدات صحتمند نمو کی شرحوں سے ہمکنار ہوتی رہیں گی اور توقع کی جاتی ہے کہ رواں مالی سال کے دوران یہ برآمدات 350 کھرب امریکی ڈالر کے بقدر تک پہنچ جائیں گی۔ وزیرموصوف ایسوچیم کے زیر اہتمام منعقدہ دوسری خدمات عمدگی ایوارڈ اور سربراہ ملاقات 2018 میں اظہار خیال کررہے تھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ خدمات سے متعلق شعبہ بھارتی معیشت میں ایک قائدانہ کردار ادا کرنے کیلئے کمربستہ ہے اور 2025 تک یہ شعبہ معیشت میں 3 ٹریلین امریکی ڈالر سے 5 ٹریلین امریکی ڈالر تک کا تعاون دیگا۔ خدمات سے متعلق شعبے کو فروغ دینے کیلئے وزارت تجارت نے 12 چمپئن خدمات شعبوں کی شناخت کی ہے جس کے لئے کابینہ نے شعبہ جاتی کارروائی سے متعلق پہل قدمیوں کو تقویت پہنچانے کے لیے500کروڑ روپئے کا سرمایہ وقف کیا ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ خدمات کا شعبہ بھارت کی افزوں پیداواریت اور مسابقتی صلاحیت میں خاطر خواہ طور پر تعاون فراہم کرتا ہے اور چمپئن خدمات کی کوالٹی میں اضافہ ہونے سے اس تعاون میں بھی اضافہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں بھارت سے کی جانے والی مختلف النوع برآمدات کو بھی فروغ ہوگا اور روزگا رکی فراہمی کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔وزیر موصوف نے کہا کہ بھارت افریقہ اور لاطینی امریکہ جیسے ممالک میں خدمات کی برآمدات پر توجہ مرکوز کررہا ہے۔ بھارت کے پاس اپنے تجارتی شراکت داروں کیلئے دو رخی ایجنڈا ہے۔ جس کے تحت بھارت کے پیشہ ورانہ ماہرین کو بیرون ملک سفر کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی اور خدمات کی برآمدات میں تجارتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر موصوف نے خدمات کے سلسلے میں بیرون ملک سفر سے متعلق پیشہ وران کے اعلیٰ معیارات کو برقرار رکھنے کیلئے ایسوچیم کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ اس کی وجہ سے بھارت کی جانب سے کی جانے والی خدمات کی برآمدات کی کوالٹی بھی بہتر ہوگی۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے ایسوچیم اور اس کی علمی شراکت دار ریسرجنٹ انڈیا کے ذریعے مشترکہ طور پر تیار کی گئی نالج اسٹڈی رپورٹ کا بھی اجراء کیا اور 28 خدمات کے زمروں میں عمدگی کے ایوارڈ بھی تفویض کیے۔