بنگلورو،6؍دسمبر (ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کی سازش اوردیوے گوڈا کے جذبات میں بہہ گئے تھے۔
میسورو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2006 سے قبل جب میں وزیراعلیٰ بنا تھا تو اچھا نام کمایا۔ میرے اس اچھے نام کو سدارامیا اور ان کی ٹیم نے تباہ کردیا۔ سدارامیا نے منصوبہ بندی کے تحت میرے نام کو خراب کیا۔کانگریس ہی کی وجہ سے میرا بھاری نقصان ہوا۔
کمارسوامی نے کہا کہ سدارامیا نے میرے خلاف کئی سازشیں کیں۔انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس کو بی جے پی کی بی ٹیم کہہ کر مجھے بدنام کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں جن لوگوں کو ہم آگے لاتے ہیں وہی ہم پر سوار ہوجاتے ہیں۔
کمارسوامی نے مزید کہا کہ میں ایک اچھے موقع کی تلاش میں ہوں۔وقت آنے پر میں سدارامیا اوران کی ٹیم کو سبق سکھاؤں گا۔سدارامیا اور کانگریس کے خلاف کمارسوامی کے اس طرح منفی بیانات سے لگتا ہے کہ کمارسوامی اور سدارامیا کے درمیان ٹھن گئی ہے۔