بنگلورو،20؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے آج ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظربندکئے گئے اسکول اورکالجوں کویکم جنوری 2021ء سے دوبارہ کھولاجائے گا۔کووڈ۔19تکنیکی صلاح کارکمیٹی کی جانب سے دئے گئے مشورہ کے مطابق یکم جنوری سے 10ویں جماعت تا12ویں جماعت کی روایتی تعلیم کے شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ 6ویں سے 9ویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے ودیاگامااسکیم بحال کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔یہ اعلان ریاستی وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپانے کیا۔
بروزہفتہ رہائشی دفترکرشنامیں وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا کی زیرصدارت، وزیربرائے بنیادی وثانوی تعلیم ایس سریش کمار،محکمہ تعلیمات عامہ کے افسروتکنیکی کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ہوئے اہم اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ حالات معمول پرلوٹنے کے بعد بقیہ جماعتوں کی روایتی تعلیم کا سلسلہ مرحلہ وارطریقہ سے شروع کیاجائے گا۔
ایڈی یورپانے مزیدکہاکہ کووڈ تکنیکی صلاح کارکمیٹی،محکمہ تعلیمات عامہ کے افسروں،اورماہرین تعلیم سے رائے مشورہ کرکے اسکول اورکالجوں کوکھولاجائے گا۔کووڈمکمل طورپر قابومیں آنے کے بعدبقیہ جماعتوں کے روایتی کلاسس کاآغازکیاجائے گا۔اس موقع پرایس سریش کمارنے کہاکہ کووڈتکنیکی صلاح کارکمیٹی،محکمہ صحت وبہبودی خاندان،محکمہ ٹرانسپورٹ،محکمہ دیہی ترقیات وپنچایت راج،محکمہ شہری ترقیات سمیت ودیگرمحکموں کے افسروں وحکام سے سنجیدہ وطویل تبادلہ خیال کے بعدہم نے اسکول اورکالج کھولنے کافیصلہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ 10ویں اور12ویں جماعت (پی یوسی سال دوم)طلبہ کو بورڈ کے امتحانات کاسامناکرناہے،جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیاگیاہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ 10ویں اورجماعت کے طلبہ کے لیے اسکول وکالج آ نالازمی نہیں ہے۔والدین کی جانب سے رضامندی کا تحریری مکتوب لاتے ہوئے روایتی کلاسس میں شرکت کرسکتے ہیں۔ اگرکسی وجہ سے طلبہ کلاس میں حاضری دینے سے قاصررہ جائیں توان طلبہ کے لیے آن لائن کلاس میں شرکت کا موقع فراہم کیاگیاہے۔
وزیرتعلیم سریش کمارنے مزیدکہاکہ جن طلبہ میں بخارکی علامات پائی جائیں ان طلبہ کاعلاج کیاجائے گا۔کسی بھی طالب علم کے لیے کووڈ۔19کاٹسٹ کروانالازمی نہیں ہے۔اگرکسی مرحلہ میں کسی طالب میں ناسازی طبیعت کی کوئی علامت پائی جاتی ہے تو ان طلبہ کیلئے اسکول میں ہی علاحدہ طورپرآئیسولیشن سنٹرقائم کیاجائے گا،وہاں اس طالب کا علاج کروانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سریش کمارنے کہاکہ طلبہ کولازمی طورپرحکومت سے جاری ایس اوپی پرعمل کرناہوگا۔محکمہ دیہی ترقیات و پنچایت راج کی جانب سے سرکاری اسکول اورکالجوں کوسینی ٹائزکیاجائے گا۔اسکول اورکالجوں میں 10ویں اور12جماعت کا آغازکیاجاسکتاہے مگرکووڈ19کے رہنماخطوط پرعمل آوری لازمی ہے۔ودیاگامااسکیم کے تحت 6ویں تا9ویں جماعت کے لیے یکم جنوری سے دوبارہ تعلیم کاآغازکردیاجائے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ محکمہ سماجی بہبودوپسماندہ طبقات کے ماتحت آنے والے ہاسٹلوں کوبھی کھولاجائے گا۔
یہاں آنے والے تمام طلبہ کوکووڈٹسٹ کروانالازمی ہے۔ہاسٹل کھولنے سے پہلے سینی ٹائزکیاجائے۔کلاس کب اورکتنے وقت چلاناہوگا،اس بارے میں بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔