لکھنؤ5مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) کانگریس کے ریاستی صدر راج ببر نے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کی شدید تنقید کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں جہاں شدید طوفان سے بھاری تباہی اور جان و مال نقصان ہوا ہے وہیں ریاست کے وزیر اعلیٰ کرناٹک میں انتخابی مہم میں مصروف اور مست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ریاست کے وزیراعلیٰ پارٹ ٹائم تقرری پر ہیں۔ساتھ ہی ملک کے سب سے غیر ذمہ دار وزرائے اعلیٰ میں سے ایک ہیں۔ جمعہ کو ایک بیان میں راج ببر نے کہا کہ حکومت کا بنیادی فرض مصیبت زدگان کی امداد کرنا ہے ، جب کہ یہاں وزیر اعلیٰ یوگی مدد کی جگہ دوسری ریاست میں اپنی پارٹی کی انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام کس طرح یقین کرے کہ یوگی جی کے کہنے سے کرناٹک میں گڈ گورننس ملے گا؟ کرناٹک کے عوام وزیر اعلیٰ یوگی سے سوال کررہے ہیں کہ اسی یوپی ماڈل کی بات کرنے کے لیے کرناٹک آئے ہیں، جہاں نابالغ بچیوں اور خواتین کی عصمتیں حیوانوں کی نذرہورہی ہیں، جہاں کا کسان خودکشی کے لئے جانا جاتا ہے۔ جہاں صبح جب کوئی شخص گھر سے نکلتا ہے توشام تک گھرواپس لوٹ کر آئے گا، یقین نہیں ہوتا۔ جہاں روزگار کے نام پر تاوان اوربھتہ خوری کا دھندہ اپنے شباب پر ہے ۔ راج ببر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بادوباراں طوفان کی وجہ سے ہلاک شدگان کے خاندانوں کو پچاس پچاس لاکھ کا معاوضہ اور طوفان سے متاثرہ خاندانوں کو کم سے کم تیس لاکھ کا معاوضہ دیا جائے، تاکہ ا ن کی بازآبادکاری ہوسکے ۔