ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یوکرینی بحران کے حل کے لیے تیار ہیں: اردوگان

یوکرینی بحران کے حل کے لیے تیار ہیں: اردوگان

Mon, 07 Mar 2022 12:42:43    S.O. News Service

کیف؍ انقرہ، 7؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) روس اور یوکرین جنگ اپنے بد ترین دور میں داخل ہو چکی ہے اور دنیا کی بڑی آبادی کو اس بات کی فکر ہے کہ کہیں یہ جنگ نیوکلیائی جنگ میں نہ بدل جائے اس لئے سب کی کوشش ہے کہ جنگ جلد بند ہو جائے ۔ اس جانب قدم اٹھاتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوگان نے اتوار کو روسی صدر ولادیمیر پوتن سے فون پر بات کی اور کہا کہ انقرہ یوکرین تنازعہ کے پرامن حل میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ترک ایوان صدر نے بتائی۔

اردوگان کے دفتر نے ایک بیان میں بتایاکہ "مذاکرات کے دوران صدر اردوگان نے کہا کہ ترکی یوکرین کے مسئلے کو پرامن طریقوں سے جلد از جلد حل کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔"

ترک رہنما نے جنگ بندی، انسانی ہمدردی کی راہداریوں کو کھولنے ، یوکرین میں انسانی مسائل کو کم کرنے اور سیاسی حل کو یقینی بنانے کے لیے امن معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے فوری اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "یوکرائنی فریق اور دیگر ممالک کے ساتھ اپنے مسلسل رابطے پر زور دیتے ہوئے صدر اردوگان نے کہا کہ وہ جامع مذاکرات کرنے اور نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔"


Share: