بنگلورو،22؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل کے طلبہ کو ریاست کے 60 کالجوں میں پڑھنے کی اجازت دی جائے گی اور ان طلبا سے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی، البتہ انہیں سرکاری طور پر ان کالجوں میں اندراج نہیں کیا جائے گا۔ اس بات کی اطلاع کرناٹک کے وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے دی۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سدھاکر نے کہا کہ "ہم نے کالجوں سے کلینیکل اور تھیوری پڑھانے کی درخواست کی ہے۔ وزیر موصوف نے واضح کیا کہ یہ طلبہ ہندوستان میں بطور ڈاکٹر کسی بھی امتحان کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔ڈاکٹر سدھاکر نے کہا کہ طلبہ کے تعلیمی مستقبل پر غور کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کی رپورٹ کی بنیاد پر حکومت نیشنل میڈیکل کمیشن اور مرکزی حکومت سے درخواست کرے گی کہ وہ یوکرین سے واپس آنے والے طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ یہ قدم یوکرین سے واپس لوٹنے والے طلبہ سے بات چیت کے بعد اٹھایا گیا ہے جنہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیاتھا۔