ہوناور 8/ جولائی (ایس او نیوز) دور کے رشتہ داروں کے یہاں شادی میں شرکت کے لئے آئی ہوئی خاتون کو پولیس نے دلھن کے زیور چرانے کے الزام میں گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے مسروقہ سونے کے زیورات برآمد کرلیے ہیں۔ واردات ہوناور پولس تھانہ حدود میں بدھ کو پیش آئی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گرفتار شدہ خاتون کی شناخت بندر روڈ عاشور خانہ گلّی کی رہنے والی شہربانو فلک کی طور پر کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہربانو اپنے دور کی رشتے دار دولہن کے گھر پر شادی میں شرکت کے لئے آئی تھی۔ وہاں پر دلھن نے بیڈ روم میں اپنے زیور اتار کر رکھے اور پھر غسل خانہ میں چلی گئی۔ جب واپس لوٹ کر دیکھا تو وہاں زیور موجود نہیں تھے۔
اس تعلق سے کرکی کوڈی کے عبدالستار معین الدین نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تو پولیس نے شادی کی رسمیں انجام دیتے وقت گھر میں موجود رہنے والوں کے تعلق سے تحقیقات شروع کی۔ جب مختلف آثار اور شواہد شہر بانو کی طرف اشارہ کرنے لگے تو اسے تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی ۔ ابتدا میں وہ انکار اور ٹال مٹول کرتی رہی ، لیکن اس کو اپنی گرفتاری کا یقین ہوگیا تو اس نے بتایا کہ زیورات چوری نہیں کیے بلکہ اسے آنگن میں پڑے ہوئے ملے تھے۔ اس بیان پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نےوہ زیورات برآمد کر لیے جو شہربانو نے ایک لڑکے کی مدد سے بینک میں گروی رکھوا دئے تھے ۔
اس کیس کو حل کرنے میں سرکل پولیس انسپکٹر شریدھر ایس آر کی قیادت میں کرائم برانچ کی پی ایس آئی ساوتری نائیک ، پی ایس آئی ششی کمار، پی ایس آئی مہانتیش نائیک، پروبیشنری پی ایس آئی شانتی ناتھ اور ان کی ٹیم نے اہم رول ادا کیا۔