ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور :  بیچ سڑک پر خالی گیس سلینڈروں کے ساتھ  مہیلا کانگریس نے دیا احتجاجی دھرنا

ہوناور :  بیچ سڑک پر خالی گیس سلینڈروں کے ساتھ  مہیلا کانگریس نے دیا احتجاجی دھرنا

Thu, 09 Sep 2021 23:29:37    S.O. News Service

ہوناور،9؍ ستمبر (ایس او نیوز) ملک میں رسوئی گیس سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف مہیلا کانگریس کی اراکین نے شراوتی سرکل کے قریب بیچ سڑک پر خالی گیس سلینڈروں کے ساتھ احتجاجی دھرنا دیا ۔
    
دھرنے پر بیٹھی خواتین نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔ پھر وہاں سے جلوس کی شکل میں نکل کر منی ودھان سودھا پہنچیں اور تحصیلدار کے توسط سے صدر ہند کے نام میمورنڈم پیش کیا ۔ 
    
اس موقع پر ضلع مہیلا کانگریس کی صدر سجاتا گاونکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے انتخابی منشور میں جو وعدے کیے تھے انہیں پورا نہیں کیا ہے ۔ 50 روپے فی لیٹر پیٹرول اور ڈیزل دینے کی باتیں جھوٹی ثابت ہوئیں ۔اور عوام کے لئے اچھے دن لانے کے نام پر انہیں برے دنوں سے دوچار کردیا ہے ۔
    
قدرتی آفات ، وبائیں ، سیلاب اور دوسرے مسائل کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہوگیا ہے ۔ چھوٹے تاجربرباد ہوگئے ہیں ۔ ایسے مشکل حالات میں حکومت کی طرف سے عوام کو سہولتیں پہنچانے کا کام کرنا چاہئے ۔ مگر حکومت نے ضروری چیزوں کی قیمتوں کو بڑھاتے ہوئے لوگوں کے لئے جینا مشکل کردیا ہے ۔
    
اس موقع پر ضلع سابق صدر ضلع پنچایت جئے شری موگیر، سابق رکن ضلع پنچایت پشپا نائک، سندھو نائک، منکی مہیلا بلاک صدر اوشا نائک، ہوناور مہیلا بلاک صدر پشپا مہیش، بھٹکل مہیلا بلاک  صدر جئے لکشمی گونڈا، کمٹہ مہیلا بلاک  صدر سریکھا والیکر، گوری امبیگا، گیتا بھنڈارکر، ممتا نائک، وجیا نائک، وینا نائک وغیرہ موجود تھے۔


Share: