ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان -روانڈا کے درمیان کئی اہم معاہدے، ہائی کمیشن جلد کھولنے کا اعلان

ہندوستان -روانڈا کے درمیان کئی اہم معاہدے، ہائی کمیشن جلد کھولنے کا اعلان

Tue, 24 Jul 2018 22:30:24    S.O. News Service

نئی دہلی ،24جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اور روانڈا کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس افریقی ملک میں جلد ہی ہندوستانی ہائی کمیشن کھولے جانے کا اعلان کیا ہے۔ مودی تین افریقی ممالک کے دورے پر پیر کی شام یہاں پہنچے اور اس کے ساتھ ہی روانڈا کا دورہ کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی وزیر اعظم بن گئے۔ دونوں ممالک نے چرم اور اس سے متعلق زرعی تحقیق کے میدان میں معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔دونوں ممالک کے درمیان وفد سطح کے مذاکرات کے دوران ہندوستان نے کیگالی میں اسپیشل اکنامک زون اور تین زرعی منصوبوں کے لئے 20 کروڑ ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی۔ ہندوستان کئی انڈسٹریل پارک کے فروغ اور روانڈا میں کیگالی اسپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ) کے لیے 10 کروڑ ڈالر اور زراعت کے لئے 10 کروڑ ڈالر کے لیے روانڈا کو قرض دے گا۔نریندر مودی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیگالی میں جلد ہی ہندوستانی ہائی کمیشن کھولے جانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جلد ہی روانڈا میں اپنا ہائی کمیشن کھولے گا جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا راستہ ہموار ہو گا بلکہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو پاسپورٹ اور ویزا سے متعلق کام کاج کرنے میں بھی مدد ملے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ روانڈا کی اقتصادی ترقی کے سفر میں اس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہنا ہندوستان کے لئے فخر کی بات ہے۔ اس ملک کی ترقی کے سفر میں ہندوستان کی مدد برقرار رہے گی۔روانڈا کے وزیر اعظم پال کامگا نے کہا کہ نریندر مودی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون میں سنگ میل ثابت ہوا ہے۔


Share: