نئی دہلی، 6؍ستمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) مظفر نگر میں کسان مہا پنچایت کے انعقاد کی وجہ سے یوپی کی سیاست گرم ہوگئی ہے- مہا پنچایت میں کسان زرعی قوانین کی مخالفت میں نعرے لگا رہے ہیں، نیز مرکزی حکومت کے خلاف بھی نعرے لگائے جا رہے ہیں - دریں اثنا بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پر مہا پنچایت کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے- اس ویڈیو کے ساتھ ورون گاندھی نے کہا ہے کہ مظفر نگر میں منعقدہ مہا پنچایت میں لاکھوں کسانوں نے حصہ لیا، ہمیں ان کسانوں کی حالت کو سمجھنا ہوگا- آر ایل ڈی لیڈر جینت چودھری نے ورون گاندھی کے اس بیان کی تعریف کی ہے-بی جے پی لیڈر ورون گاندھی نے ٹوئٹر پر شیئر کی گئی اپنی ویڈیو کے ذریعہ کہا ہے کہ ہمیں کسانوں کے ساتھ باعزت طریقہ سے بات چیت کرنے کی ضرورت ہے- ان کے درد کو اپنا درد سمجھنے کی ضرورت ہے- کسانوں کے مطالبات جاننے کے بعد ہی زمینی صورتحال کو سمجھنے میں مدد ملے گی-