کنداپور،3 ؍اپریل (ایس او نیوز) تعلقہ کے گنگولی میں پیش آَئے المناک واقعہ میں ایک شخص اس وقت زندہ جل کر ہلاک ہوگیا جب اس کے گھر میں آگ لگ گئی اور وہ سوتا رہ گیا تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہلوک شخص کا نام گنیش کھاروی (45 سال) بتایا گیا ہے ۔ گنیش ماہی گیر کشتی پر ملازمت کرتا تھا ۔ آج اتوار علی الصبح وہ کشتی سے لوٹ کر اپنے جھونپڑے نما گھر میں سو گیا اور اس کی بیوی یشودا کام پر چلی گئی ۔ صبح تقریباً 8.30 بجے گنیش کے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ آس پاس کے لوگوں کو اس بات کی خبر نہیں تھی کہ گنیش اندر غفلت کی نیند سو رہا ہے ۔ انہوں نے پانی ڈال کر آگ بجھانے کی کوشش کی اور گنیش کا بچانے کی طرف کسی نے بھی توجہ نہیں دی۔ کافی دیر بعد پتہ چلا کہ اس آگ میں گنیش زندہ جل کر خاکستر ہوگیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ گنیش اپنا نیا گھر تعمیر کروا رہا تھا اس لئے وہ پاس میں ہی ایک جھونپڑے نما مکان میں رہتا تھا ۔ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی پتہ نہیں چلا ہے ۔
بیندور سرکل پولیس انسپکٹر سنتوش کائکینی ، ریوینیو انسپکٹر راگھویندرا دیواڈیگا اور گنگولی پولیس اسٹیشن اسسٹنٹ سب انسپکٹر ننجا نائک نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا ۔ گنگولی گرام پنچایت صدر سرینواس کھاروی اور سابق تعلقہ پنچایت رکن سریندرا کھاروی وغیرہ نے بھی مہلوک گنیش کے گھر پہنچ کر تعزیت کی ۔