پٹنہ،9جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی)مرکزی وزیر گری راج سنگھ کا نوادہ جیل میں فسادات کے ملزمین سے ملاقات کرنا بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو ناگوار گزرا ہے۔ اتوار کو دہلی میں اپنی پارٹی کی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں گری راج سنگھ کا نام لئے بغیر نتیش نے کہا کہ حکومت ہند کے ایک وزیر جیل میں جاکر ملاقات کر رہے ہیں لیکن ان کی حکومت نہ کسی کو بچاتی ہیں اور نہ پھنساتی ہے؛ لیکن وہ لوگ جو اس طرح کا دھندہ کریں گے ان کی حکومت ان کو بخشے گی نہیں ۔ نتیش نے اسی دوران پھر اپنی پرانی بات دہرائی کہ ان کی حکومت بدعنوانی، جرائم اور فرقہ واریت سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتی گرچہ ہماری حکومت رہے یانہ رہے ۔نتیش کے موقف سے صاف ہے کہ وہ گری راج سنگھ کی جیل میں فرقہ وارانہ تشدد کے ملزمین سے ملاقات اور بعد میں بیانات سے نہ صرف خفا ہیں بلکہ آنے والے وقت میں ایسے لوگوں سے نمٹنے میں ان کی اور سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔اگرچہ اس کانفرنس میں نتیش کی تقریر کے دوران بھی میڈیا کو اجازت نہیں دی گئی تھی لیکن سمجھا جاتا ہے کہ نتیش فرقہ واریت کے معاملے پر بی جے پی لیڈروں کے سامنے کوئی نرم رخ اس بنیاد پر اختیار کرنے والے نہیں ہیں۔واضح ہو کہ گزشتہ دنوں بھاگلپور شہر میں فرقہ وارنہ واقعہ کے بعد مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے کی گرفتاری ہوئی تھی۔