بنگلورو،24؍مئی (ایس او نیوز)ریاست کے رورل اورٹاؤن علاقوں میں کوروناکی علامات رکھنے والوں کے گھرگھر جاکر کووڈٹیسٹ کرنے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔یہ اعلان ریاستی وزیربرائے محصولات وڈیزاسٹرمیجمنٹ اتھارٹی کے نائب صدرآراشوک نے کیا۔
انہوں نے اپنے اخباری بیان میں کہاکہ اس سلسلہ میں محکمہ محصولات کی جانب سے محکمہ کے چیف سکریٹری منجوناتھ پرساد ایک سرکلرجاری کریں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ کوروناوائرس پرقابوپانے کے لیے حکومت کی جانب سے بہت سارے اقدامات کئے گئے ہیں۔لیکن اس درمیان کوروناوائرس کے معاملات شہری علاقوں سے دیہی علاقوں میں زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں۔رورل اورٹاؤن پنچایت علاقوں میں کوروناوائرس کاپھیلاؤ کنٹرول میں نہیں آرہاہے۔اسی طرح وہاں کے عوام بھی کوروناٹیسٹ کروانے میں دلچسپی نہیں دکھارہے ہیں۔دکھ کی بات یہ کہ ان علاقو ں میں کووڈٹیسٹنگ مراکزبھی بڑی تعدادمیں نہیں ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرس،اے این ایمزاورآنگن واڑی ورکرس گھرگھرجا کرکورونا ٹیسٹ کی کارروائی انجام دے رہے ہیں۔یہ عملہ متاثرین کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری طورپراسپاٹ میں یارپڈاینٹی جین ٹیسٹ کررہاہے۔اس وجہ سے گاؤں قریوں میں کورونامتاثرین کی نشاندہی میں آسانی اورسہولت ہورہی ہے۔ڈاکٹروں اورطبی عملہ موقع پرہی ان متاثرین کوگھروں میں رہتے ہوئے دیکھ ریکھ کرنے اورضرورت پڑنے پراسپتالوں میں اڈمٹ ہوکرعلاج کروانے کی صلاح دے رہے ہیں۔ ابتدائی متاثرین کی نشاندہی کرتے ہوئے وہیں علاج فراہم کیاجارہاہے۔ساتھ میں میڈیکل کٹ بھی دی جارہی ہے۔
آراشوک نے مزیدکہاکہ ریاست کے قریوں میں موبائل کلینک پرمشتمل میڈیکل ٹیم گھرگھر جاکرکوروناٹیسٹ کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ”ڈاکٹروں کی ٹیم قریوں کی سمت“نام سے ایک اسکیم تشکیل د ی تھی،جس میں ایم بی بی ایس سال آخرکے طلبہ، بی ایس سی نرسنگ،بی ڈی ایس کے طلبہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔