ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرلا:آر ایس ایس کارکن کے گھر سے اسلحہ برآمد

کیرلا:آر ایس ایس کارکن کے گھر سے اسلحہ برآمد

Mon, 25 Mar 2019 10:59:42    S.O. News Service

ترووننت پورم،25؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)کیرلا میں ایک آر ایس ایس کارکن کے گھر میں دیسی بم بنائے جانے کا معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب بم بناتے وقت دھماکہ سے یہ بم پھٹ گیا۔ واقعہ کیرلا کے کنّور ضلع کا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ میں آر ایس ایس کارکن کا بیٹا اور اس کا دوست سنگین طور پر زخمی ہو گیا ہے۔

ایک انگریزی اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کیرلا کی کڈیانمال پولیس نے بتایا کہ ہفتہ کی دوپہر تقریباً 1:30بجے آر ایس ایس کارکن شیبو کا سات سالہ بیٹا گوکل اور اس کے بیٹے کا دوست کجن راج (12سال) دونوں کچھ کھیل رہے تھے۔ اس درمیان وہ گھر میں ایک شیڈ سے پرندوں کا پنجرا بنانے کے لیے پرانے سامان کو باہر نکال رہے تھے جب یہ دھماکہ ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سامان باہر نکالنے کے لئے بچے کسی چیز پر کھڑے ہو رہے تھے جس کی وجہ سے گھر میں اچانک دھماکہ ہو گیا اور دونوں بچے بری طرح زخمی ہو گئے۔ اس واقعہ کی خبر فوراً مقامی پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس بم ناکارہ کرنے والے دستہ کے ساتھ شیبو کے گھر پہنچی اور گھر کی تلاشی شروع کر دی۔ تلاشی کے دوران پولیس کو آر ایس ایس کارکن کے گھر سے کچھ ایسے سامان ملے جن کی وجہ سے کئی سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ پولیس کو گھر سے7تلواریں، ایک کلہاڑی، ایک لوہے کی راڈ کے علاوہ کثیر مقدار میں بم بنانے کا سامان بھی ملا۔ پولیس نے بتایا کہ اس سلیس لے میں شیبو کو حراست میں لیتے ہوئے پولیس نے دھماکہ خیز مادہ ایکٹ اور اسلحہ ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل16 جنوری2019کو مہاراشٹر کے ڈومبی ولی میں بی جے پی لیڈر دھننجے کلکری کی دکان سے تلوار، چاقو، ائیر گن، فائٹر اور کرہدی سمیت تقریباً170 اسلحے برآمد کئے گئے تھے۔ایک بیان میں پولیس نے کہا تھا کہ ملزم ان اسلحوں کو دلکش سامانوں کی فروختی کے نام پر فروخت کیا کرتا تھا۔


Share: