ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ کے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کے دوسرے مرحلے کا کانگریس قائد راہول گاندھی کے ہاتھوں شاندار افتتاح؛ بی ایم جے ولیج چیرمین کی کی سراہنا

کیرالہ کے وائناڈ میں بی ایم جے ولیج کے دوسرے مرحلے کا کانگریس قائد راہول گاندھی کے ہاتھوں شاندار افتتاح؛ بی ایم جے ولیج چیرمین کی کی سراہنا

Fri, 29 Jan 2021 12:19:08    S.O. News Service

کالیکٹ 29/ جنوری (ایس او نیوز) کیرالہ کے وائناڈ میں  کانگریس رہنما راہول گاندھی کے ہاتھوں بی ایم جے (بھٹکل مسلم جماعت) ولیج کا شاندار افتتاح عمل میں آیا، اس موقع پر راہول گاندھی نے  بی ایم جے کلچرل سوسائٹی کے چیرمین جناب عبدالمجید جوکاکو  کی خدمات کی سراہنا کرتےہوئے  کہا کہ  ہندو مسلم کی تفریق کئے بغیر بی ایم جے نے غریب  اور مالی طور پر کمزور لوگوں کو  جس طرح مکانات  تقسیم کئےہیں، اسے دیکھ کر مجھے بے حد خوشی محسوس ہورہی  ہے ، انہوں نے کہا کہ  آپ نے دراصل وہی کام کیا ہے جو کانگریس  کا اْصول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس  ذات پات اور مذہب وغیرہ کی تفریق  نہیں کرتی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مکانات ملنے کے بعد  آج غریب  لوگوں کے چہروں پر  خوشی  دیکھ کر  مجھے بے حد مسرت ہورہی ہے۔

راہول گاندھی نے کہا کہ دو سال قبل جب کیرالہ میں بارش اور سیلاب سے تباہی مچی تھی تو کئی لوگ ہلاک ہوگئے تھے، وہیں ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے تھے انہوں نے کہا کہ آج بھی ایسے بہت سارے لوگ ہیں جو بے گھر ہیں اور انہیں مکانات ابھی تک نہیں ملے ہیں اور یہ سچ ہے کہ جن لوگوں کو مکانات فراہم کیا گیا ہے ان کی تعداد محدود ہے، انہوں نےکہا کہ مکانات تعمیر کرکے دینا دراصل سرکار کی ذمہ داری ہے، چونکہ ہم اپوزیشن میں ہیں اس لئےہماری بھی ذمہ داری ہے کہ  ہم سرکار پر دبائو بنائیں کہ وہ  دیگر بے گھر لوگوں کے لئے مکانات کا انتظام کریں، ہماری یہ کوشش ہوگی کہ وائناڈ میں دیگر بے گھر لوگوں کے لئے بھی مکانات تعمیر کرکے دیں۔ بی ایم جے کی طرف سے غریبوں کو مکانات فراہم کرنےاور بی ایم جے  کے پروجکٹ کے دوسرے مرحلے میں  قطر کی اِنکیس  ادارہ کی  طرف سے  بارہ مکانات تعمیر کرکے دینے پر انہوں نے تمام ذمہ داروں سے  اپنی   نیک تمنائیں  پیش کیں۔

جمعرات 28 جنوری کو  جب راہول گاندھی اپنے  حلقہ وائناڈ پہنچے تو  سیدھے بی ایم جے ولیج میں حاضری دی۔ پہلے انہوں نے  بی ایم جے ولیج کے دوسرے مرحلہ کے بارہ مکانات کا ربن کاٹ کر افتتاح کیا، پھر انہوں نے تمام  بارہ مکانات پرپہنچ کر مکینوں سے گفتگو کی اور اُن سے اُن کے حالات جاننےکی کوشش کی، ایک مکان کا جائزہ لے کر باہر نکلنے پر جب  ایک مکین نے انہیں چائے کی پیش کش کی تو انہوں نے فوراً ہاں کہا اور مکان کے اندر پہنچ گئے، جہاں ایک بوڑھی خاتون نے انہیں چائے اور  گھر پر بنائی ہوئی کھانے کی کچھ چیزیں پیش کیں، راہول گاندھی نے  بزرگ خاتون کے قریب ہی بیٹھ کر ان کےہاتھوں سے بنائی ہوئی چائے پورے اطمینان کے ساتھ پی اور موقع پر موجود دیگر ذمہ داروں کو  گھر پر دی ہوئی دوسری چیزیں کھانے کی ترغیب  دی۔ انہوں نے نہایت ملنساری اور عاجزی کے ساتھ لوگوں سے ملاقات کی، اس موقع پر بی ایم جے کلچرل سوسائٹی کے چیرمین اور بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ کے سابق صدر جناب عبدالمجید جوکاکو نے تمام گھروں کی سیر کراتے ہوئے گھروالوں سے ملایا اور راہول کی باتوں کو ملیالم میں اور گھروالوں کی طرف سے بتائی گئی باتوں کو انگریزی میں ترجمہ کرکے بتایا۔ جناب عبدالمجید جوکاکو نے بتایا کہ   بھٹکل مسلم جماعت کی طرف سے یہ پورا پروجکٹ  بنایا گیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں 16 مکانات تعمیر کرکے تقسیم کئے جاچکے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے کے 12 مکانات  کی تعمیر کے لئے بی ایم جے ولیج میں   اِنکیس قطر نے  مالی امداد  فراہم کی تھی۔ انہوں نے   کہا کہ تیسرے مرحلے میں دس مزید مکانات تعمیر کئے جائیں گے  اور کوشش کرکے ڈسمبر تک  کام مکمل ہوگا۔ 

افتتاحی اجلاس میں  عبدالمجید جوکاکو نے راہول گاندھی سمیت دیگر مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے  صدارتی خطاب کیا، انہوں نے بتایا کہ  آج جن بارہ مکانات کا افتتاح عمل میں آیا ہے، یہ مکانات دراصل اکتوبر ماہ میں ہی  مکمل ہوچکے تھے، مگر ان مکانات کو وائناڈ حلقہ سے منتخب ہونے والے ایم پی راہول گاندھی کے ہاتھوں افتتاح کرانے کا  منصوبہ بنایا گیا تھا اس لئے  ان کی تاریخ ملنے کے بعد آج ان ہی  کے ہاتھوں افتتاح کیا گیا ہے۔ اجلاس میں راہول گاندھی سمیت اِنکیس قطر کے صدر سمیر، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری  کے سی وینوگوپال، کانگریس کے سابق ایم پی اور سابق وزیر سدھاکرن نے بھی اپنے تاثرات پیش کرتےہوئے بھٹکل مسلم جماعت کے ذمہ داران کی  ستائش کی قطر اِنکیس کے سکریٹری عاشق نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر  مکانات تعمیر کرنے والے کنٹریکٹرایم سی عبداللہ اور  پورے  بی ایم جے ولیج  کے سوپر وائزر اور  مکانات کے ڈیزائنر عاقب جِفری جوکاکو کی تہنیت کی گئی اور راہول گاندھی کے ہاتھوں میمنٹو پیش کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ ان دونوں نے تمام کام  بغیر کسی اجرت  کے بالکل مفت  کیا تھا۔

پروگرام کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتےہوئے عبدالمجیدجوکاکو نے بتایا کہ اجلاس  میں بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ کے جنرل سکریٹری  فیاض احمد مصباح کی بھی شال پوشی   کا پروگرام تھا مگر  راہول گاندھی  کی شرکت پر  حفاظتی انتظامات اتنے سخت تھے کہ   بعض اُمور کی اجازت نہیں دی گئی،  کوویڈ کی وجہ سے  پروگرام میں سو سے زائد لوگوں کے شریک ہونے پر بھی پابندی عائد تھی، جبکہ پروگرام میں شریک ہونے والوں کے ناموں کی لسٹ پہلے ہی ڈپٹی کمشنر کو سونپ کر اجازت لی گئی تھی۔ بھٹکل مسلم جماعت کیرالہ کے صدر  جعفر مصباح سمیت جماعت کے بعض اراکین بھی پروگرام میں موجود تھے۔جناب عبدالمجید جوکاکو نے بتایا کہ تیسرے اور آخری مرحلے کے دس مکانات کی تعمیر کے لئے صاحب خیر حضرات سے رابطہ کیا جارہا ہے، اگر کوئی مالی امداد دینا چاہیں تو اُن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  آخری مرحلے کے مکانات کا افتتاح کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں کرنے کے تعلق سے سوچا جارہا ہے۔

 


Share: