بھٹکل 5 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل اور اطراف کے کھلاڑیوں کی رہنمائی اوراُنہیں اسپورٹس میں آگے بڑھانے سمیت اُن کی مکمل رہنمائی کے لئے اتوار 6 فروری کو ماہرین کی ایک ٹیم بھٹکل پہنچ رہی ہے، جن کے اشتراک سے اتوار کو بھٹکل نوائط کالونی میں واقع بلال ہال میں ایک اہم پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کےصدر جناب عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے دی۔
جناب عزیز الرحمن نے بتایا کہ یونائیٹیڈ ایمپاورمنٹ اسوسی ایشن کے اشتراک سے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن نے اس پروگرام کا انعقاد کیا ہے اور کرناٹکا اسٹیٹ والی بال اسوسی ایشن کے سلیکٹرابراہیم گولی کٹے کی قیادت میں 14ممبران پر مشتمل اسوسی ایشن کی ٹیم بھٹکل پہنچ رہی ہے۔
عزیز الرحمن نے بتایا کہ بھٹکل کے نوجوان مختلف کھیلوں میں ماہر ہیں، مگر اُنہیں صحیح رہنمائی نہ ملنے کی وجہ سے اُن کے ٹیلنٹ کا صحیح استعمال نہیں ہورہا ہے، عزیز الرحمن کے مطابق ہم فیڈریشن کے دستور کے مطابق اپنے کھلاڑیوں کو آگے پروموٹ کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں اور اسی مقصد کے تحت اس پروگرام کو بھی منعقد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اِن ڈورگیمس، آوٹ ڈور گیمس، کیرم بورڈ، شطرنج، والی بال، فٹ بال، ہاکی، کرکٹ، کبڈی، رننگ ہر طرح کے کھلاڑی بھلے وہ کسی بھی عمر کے ہوں، اگر وہ آگے بڑھنا چاہتا ہے تو اس پروگرام میں شریک ہوکر بھرپور فائدہ اُٹھاسکتا ہے اور بالکل مفت میں مکمل جانکاری حاصل کرتے ہوئے کھیل کے میدان میں آگے بڑھ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یونائیٹیڈ ایمپاورمنٹ اسوسی ایشن بالخصوص مسلم کھلاڑیوں کو اُن کے ٹیلنٹ کے حساب سے آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔ عزیز الرحمن کے مطابق اسوسی ایشن دلچسپی رکھنے والے کھلاڑیوں کو مینگلوربنگلور وغیرہ علاقوں میں منعقد ہونے والے میچس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ پیش کرنے کا موقع دے گا اوراُسی کے مناسبت سے اُنہیں آگے بڑھنے کی راہ دکھائے گا۔
فیڈریشن صدر نے بتایا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو آگےبڑھانےاوراتوارکو منعقدہ پروگرام کو منعقد کرنے میں فیڈریشن کی اسپورٹس بوڈی متحرک ہوکر کام کررہی ہے۔
عزیز الرحمن رکن الدین نے بتایا کہ اتوار بعد نماز مغرب کھلاڑیوں کا رجسٹریشن ہوگا اور عشاء نماز کے فوری بعد پروگرام شروع ہوگا۔
عزیز الرحمن ندوی نے بتایا کہ اس اہم پروگرام میں بھٹکل سمیت شرالی، مرڈیشور اور منکی کے کھلاڑی حضرات بھی شریک ہوسکتے ہیں اور شریک ہونے والوں کے لئے عمر کی کوئی قید نہیں ہے، لہٰذا انہوں نے ہرطرح کے کھلاڑیوں سے درخواست کی کہ وہ کثیر تعداد میں اس پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اس پروگرام کو کامیاب بنائیں۔