کڈبا17؍مارچ (ایس او نیوز) کمارا دھارا ندی کے کنارے نوجوانوں کا ایک گروپ پکنک منانے کے لئے گیا ہواتھا جس کے دوران اس گروپ میں موجود شخص کی مشکوک حالت میں موت واقع ہوگئی ہے۔
مشتبہ حالت میں موت کا شکار ہونے والے شخص کا نام کورین (60سال) بتایا جارہا ہے، جو اولیپّو کا رہنے والا ہے۔اس کی لاش ندی کے کنارے تیرتی ہوئی پائی گئی ہے۔ کورین کی بیوی انمّا نے ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرتے ہوئے اپنے شوہر کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔انمّا کاکہنا ہے کہ اسے معلوم تھا کہ اس کا شوہر کورین مقامی نوجوانوں کے گروپ کے ساتھ پکنک منانے کے لئے گیا ہوا ہے، جن میں انیل ورگیز، بریٹّو، سندیش، سجن اور سندیپ شامل تھے ۔ اس گروپ نے پکنک کے دوران شراب نوشی کی تھی۔جب دیر رات تک کورین گھر نہیں لوٹا تو اس کی بیوی نے گروپ کے بقیہ اراکین سے رابطہ کیااور اس کے بارے میں جانکاری حاصل کی تو اسے بتایا گیا کہ کورین درمیان میں ہی پارٹی چھوڑ کر چلا گیا تھا۔جب کورین بڑی دیر تک واپس نہیں لوٹاتو دیگر مقامی افراد کے ساتھ انمّا نے اسے تلاش کرنا شروع کیا۔اس دوران کورین کی لاش ندی میں تیرتی ہوئی دستیاب ہوئی۔
پولیس میں شکایت درج ہونے کے بعد افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیااور کڈبا سرکاری اسپتال میں لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعدمزید تحقیقات کے لئے نعش کومنگلورو میں بھیج دیاگیا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس پکنک منانے کے لئے گئے ہوئے گروپ سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔