ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کورونا کو روکنے سے ہی معیشت کو ملے گی رفتار: وزیراعظم نریندر مودی

کورونا کو روکنے سے ہی معیشت کو ملے گی رفتار: وزیراعظم نریندر مودی

Tue, 16 Jun 2020 22:02:28    S.O. News Service

نئی دہلی،16؍جون(ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی معیشت کو پٹری پر لانے کے لئے کورونا وائرس کے انفیکشن کو روکنے پر زور دیتے ہوئے آج کہا ہے کہ جتنی ہم اس میں کامیابی حاصل کریں گے اتنی ہی زیادہ ہماری معیشت کھلے گی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔

کورونا وبا کی وجہ سے پورے ملک میں نافذ لاک ڈاؤن کے پانچویں مرحلے میں دی گئی رعایتوں اور چھوٹ کے بعد لوگوں کے کام کے لئے گھروں سے باہر آنے کے ساتھ ہی پورے ملک میں انفیکشن کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہونے کے دوران اکیس ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے بات چیت کے پہلے مرحلے میں نریندر مودی نے یہ بات کہی۔

کورونا وبا کے بعد نریندر مودی کی وزرائے اعلی کے ساتھ یہ چھٹی میٹنگ ہے۔ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے انہوں نے وزرائے اعلی کے سامنے اپنی بات پیش کی اور صورت حال سے نمٹنے اور معیشت کو آگے لے جانے کے لئے مشورے طلب کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب ملک کھل چکا ہے اور لوگوں کی محنت سے ہی زندگی پٹری پر لوٹ رہی ہے لیکن ہمیں بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ تھوڑی سے غفلت ہمارے گزشتہ دو تین مہینوں کی محنت پر پانی پھیر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لاک ون کا سب سے بڑا سبق یہ ہے کہ اگر ہم قواعد وضوابط کی پیروی کریں گے تاکہ کورونا بحران سے کم سے کم نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چہرے پر ماسک اور دو گز کی دوری کے اصول کا سختی سے پالن کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں اس بات کو ہمیشہ دھیان میں رکھنا ہے کہ ہم کورونا کو جتنا روک پائیں گے، اس کا بڑھنا روک پائیں گے، اتنا ہی ہماری معیشت کھلے گے، ہمارے دفتر کھلیں گے، مارکیٹ کھلیں گے، ٹرانسپورٹ کے وسائل کھلیں گے اور اتنے ہی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

نریندر مودی نے کہا کہ مستقبل میں جب کبھی ہندوستان کے خلاف لڑائی کا مطالعہ کیا جائے گا تویہ دور اس لئے بھی یاد رکھا جائے گا کہ کیسے اس دوران ہم نے ساتھ مل کر کام کیا اور کوآپریٹیو وفاقیت کی سب سے بہترین مثال پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’دنیا کے بڑے بڑے ماہرین، ماہر صحت، لاک ڈاؤن اور ہندوستان کے لوگوں کے ذریعہ دکھائے گئے قواعد وضوابط پر آج بحث کر رہے ہیں۔ آج ہندوستان میں ریکوری ریٹ پچاس فیصد سے زیادہ ہے۔ آج ہندوستان دنیا کے ان ممالک میں سب سے آگے ہے جہاں کورونا سے متاثر مریضوں کی زندگی بچ رہی ہے۔‘‘

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے کم مرنے کی شرح ہے۔ اس سے خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے کہ ملک نقصان کم کرکے آگے بڑھ سکتا ہے۔ نریندر مودی نے وزرائے اعلی سے کہا کہ ’’ہمارے یہاں جو چھوٹی فیکٹریاں ہیں انہیں رہنمائی، ہینڈ ہولڈنگ کی بڑی ضرورت ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ کی قیادت میں اس سمت میں کافی کام ہو رہا ہے۔ تجارت اور صنعت اپنی پرانی رفتار پکڑ سکیں اس کے لئے ویلیو چین پر بھی ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘

وزیراعظم نے کہا کہ کسان کے پیداوار کی مارکیٹنگ کے شعبہ میں حالیہ دنوں جو بہتری آئی ہے اس سے بھی کسانوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔ اس سے انہیں اپنی اپج بیچنے کے لئے نئے متبادل موجود ہوں گے، ان کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ اسٹوریج کم ہونے کی وجہ سے ان کو نقصان ہوتا تھا، اسے بھی کم کیا جاسکے گا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب کے بعد سبھی وزرائے اعلی سے موجودہ صورت حال میں اپنے مشورہ دینے کے لئے کہا۔

آج جن ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے ساتھ نریندر مودی بات چیت کر رہے تھے ان میں پنجاب، آسام، کیرلہ، اتراکھنڈ، جھاڑکھنڈ، چھتیس گڑھ، تریپورہ، ہماچل پردیش، چنڈی گڑھ، گوا، منی پور، ناگالینڈ، لداخ، پڈوچیری، اروناچل پردیش، میگھالیہ، میزورم، انڈمان ونکوبار جزیرہ، دادر ناگر حویلی اور دمن دیو، سکم اور لکشدیپ شامل ہیں۔


Share: