بھٹکل 4/جون (ایس او نیوز) 45 سال سے زائد عمر کےلوگوں کے لئے دوپہر ڈھائی بجے سے 4:30 بجے تک کورونا ٹیکہ لگانے کی بات وہاٹس ایپ پر موصول ہونے کے کچھ ہی دیر میں بھٹکل سرکاری اسپتال میں عوام کی بھیڑ اُمڈ پڑی، جس پر قابو پانے کےلئے اسپتال کے عملہ کو بالاخر پولس کی مدد لینی پڑی۔ واقعہ جمعہ کی دوپہر کو پیش آیا۔
بھٹکل میں فی الحال مختلف زمرے کے لوگوں کےلئے کورونا ویکیسن دینے کا عمل جاری ہے، جس کے تحت آج جمعہ کے دن کو بینک اہلکاروں اورپنچایت اہلکاروں کو ٹیکہ لگانے کے لئے مخصوص کیا گیا تھا، مگر اس دوران کاروار سے محکمہ ہیلتھ کی جانب سے بھٹکل سرکاری اسپتال کو احکامات جاری کئے گئے کہ آج 45سے زائد عمر والوں کے لئے بھی کورونا کا ٹیکہ لگایا جائے، ہدایت ملتے ہی بھٹکل سرکاری اسپتال والوں نے غالباً اپنے جاننے والوں کو خبر کی ، لیکن پل بھر میں سینکڑوں لوگ ٹیکہ لگوانےکےلئے اسپتال پہنچ گئے۔
اسپتال میں عوام کا ہجوم دیکھ کر اسپتال کا عملہ بھی ششدر رہ گیا، پھر پولس کی مدد لے کر صرف پچاس لوگوں کو ٹیکہ لگوانے کےلئے قطار میں کھڑا کردیا گیا جس میں ۲۵ مرد اور ۲۵ خواتین کو موقع دیا گیا۔باقی لوگوں کو واپس جانے کےلئے کہنے پر لوگ اسپتال کے عملہ پر برس پڑے اور پوچھنے لگے کہ اب ہم کہاں جائیں گے اور ہمیں کب ٹیکہ لگوایا جائے گا ؟ سرکل پولس انسپکٹر دیواکر اور دیگر اہلکاروں نے کافی تگ و دو کے بعد بالاخر بقیہ لوگوں کو سنیچر صبح دس بجے ٹیکہ لگوانے کی یقین دھانی کرواکر واپس بھیجنے میں کامیاب ہوگئے۔
سرکار کی طرف سے شام 4:30 بجے تک ہی ٹیکہ لگوانے کی اجازت دی گئی ہے، جس کی جانکاری ویب سائٹ پر درج کرنی ہوتی ہے، ویب سائٹ پر نام اور تفصیلات درج کرنے پر ہی سرٹی فیکٹ موصول ہوتی ہے۔ وقت ختم ہونے کے بعد ویب سائٹ پر نام اور تفصیلات درج کرنا ممکن نہیں ہوتا، اس بناء پر شام کے 4:30 بجتے ہی ٹیکہ لگوانے کا کام روک دیا گیا، مگر اس مدت میں قطار میں کافی لوگ باقی تھے جن کو ٹیکہ نہیں لگوایا گیا تھا۔ ٹیکہ لگوانےکا عمل رُکتےہی قطار میں کھڑے لوگ بھی اسپتال کے عملہ پر گرم ہوگیا اور اسپتال کے عملہ کے ساتھ لفظی جھڑ پ شروع ہوگئی۔ بعد میں اسپتال کی انچارج ڈاکٹر سویتا کامتھ نے اُنہیں یہ کہہ کر گھر وں کو جانے کےلئے منوایا کہ اُن کے نام ابھی رجسٹرڈ بُک میں درج کرلئے جائیں گے اور کل سنیچر صبح ویکسین لگوانے کی پہلی ترجیح اُن کو دی جائے گی۔ کافی کوششوں کے بعد لوگ کل آنےپر راضی ہوئے۔
بتاتے چلیں کہ فی الحال بھٹکل سرکاری اسپتال میں ویکیسن کی کمی ہونے کی وجہ سے صرف مخصوص کئے گئے مختلف شعبہ کےلوگوں کو ہی کورونا کا ٹیکہ لگوایاجارہا ہے۔ آج جمعہ کو اچانک بتایا گیا تھا کہ 45 سال سے زائد عمر کے لوگ ٹیکہ کےلئے اسپتال آسکتے ہیں، لیکن جب سینکروں لوگ ایک ساتھ اسپتال پہنچے تو اسپتال انتظامیہ کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ اب سمجھا جارہا ہے کہ کل سنیچر کو بھی ٹیکہ لگوانے کےلئے عوام کی بھیڑ اُمڈپڑے گی، ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ سنیچر کو ٹیکہ لگوانے کےلئے عوام پر کس طرح قابو پایا جاتا ہے۔