شملہ،28؍مارچ (آئی این ایس انڈیا) ہماچل پردیش کی عام آدمی پارٹی نے پٹرول، ڈیزل، ادویات وغیرہ کی قیمتوں میں اضافے پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ عآپ کے ریاستی ترجمان گورو شرما نے کہا کہ مرکزی حکومت نے انتخابات ہوتے ہی پورے ملک کے عوام کو لوٹنے کا کام شروع کر دیا ہے اور روز کسی نہ کسی چیز کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے، وہ بہت پریشان ہیں اور انہیں دو وقت کی روٹی کے لیے لڑنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ 6 روز میں تیل کی قیمتوں میں 5 بار اضافہ کیا گیا جس سے عوام پریشان ہے تو دوسری جانب سریاکی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے عوام بہت پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے زندگی کا سرمایہ جمع کر کے گھر بنانے کا خواب دیکھا تھا وہ ختم ہوتا نظر آ رہا ہے۔ ہر طرف سے مہنگائی کا سامنا کرنے والے عام لوگ پریشان ہو گئے ہیں۔ گورو شرما نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا اصل چہرہ بالکل مختلف ہے، جسے ریاست کے عوام اب جان چکے ہیں اور یہ یقینی طور پر آئندہ انتخابات میں انہیں اقتدار سے باہر کا راستہ دکھانے والے ہیں۔ریاست دن بہ دن قرضوں میں ڈوبی جا رہی ہے اور لیڈر مزے کر رہے ہیں۔
ملک اور ریاست میں ادویات کے نرخ بڑھا دئیے گئے ہیں جس حکومت میں مفت ادویات نہ مل سکیں اس حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں اس کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار کا استعمال کرتے ہوئے تمام بڑھی ہوئی چیزوں پر ٹیکس معاف کرے تاکہ ریاست کے عوام کو راحت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تمام مسائل پر حکومت کے ساتھ اس وقت تک لڑتی رہے گی جب تک انہیں راحت فراہم نہیں کی جاتی۔