بنگلورو، 2؍ فروری (ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کردہ عبوری بجٹ شیٹ میں کسانوں کو سالانہ6ہزار رپوئے امداد جاری کرنے کی اسکیم کو 2ایکڑ اراضی پر مشروط کرنا مناسب نہیں ہے۔ یہ بات ریاستی وزیر برائے محصولات آروی دیش پانڈے نے کہی ۔
مرکزی وزیر پیوش چاؤلہ نے بروز جمعہ عبوری بجٹ پیش کیا ۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دیش پانڈے نے کہا کہ آج ملک بھر میں زرعی شعبہ مشکلات سے دو چار ہے کسان پریشان ہیں۔ ایسی حالت میں زمین کی ملکیت پرکسی بھی قسم کی حد بندی نہ کرتے ہوئے تمام کسانوں کویہ امداد جاری کی جانی تھی ۔ اس مدد سے کسانوں کی دستگیر ی ہوتی ۔ اسی طرح غیر منظم شعبہ کے مزدوروں کو60سال مکمل کرنے کے بعد ماہانہ صرف3ہزار روپئے پنشن کااعلان کیا گیا ہے ۔ اس رقم میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس طرح کرنے سے ہی غیر منظم سیکٹر کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ماہی گیروں کی امداد کے لئے علاحدہ محکمہ شروع کئے جانے کے اعلان پر خوشی کااظہار کیا۔