ممبئی،20؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) شیوسیناکے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے اتوارکے روزدعویٰ کیاہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے لایا جانے والے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج پربحث سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس منسوخ کردیا گیا ہے۔ شیو سینا کے ترجمان سامنامیں اپنے ہفتہ وار مضمون میں سنجے راوت نے اس وقت سنٹرل وسٹا پروجیکٹ پر ایک ہزار کروڑ خرچ کرنے کی ضرورت پر بھی سوال اٹھایا ۔ہزاروں کسان دہلی کی سرحدوں پر مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
وہ قوانین کو کالعدم قرار دینے پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ سنجے راوت نے کہاہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس منسوخ کردیا گیا تاکہ دہلی کے قریب کسانوں کی تحریک پر کوئی بحث نہ ہو۔، وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی بنیاد رکھی اور اسے ہندوستان کی جمہوری تاریخ کا سنگ میل قرار دیا۔ اس سہ رخی پارلیمنٹ ہاؤس میں 900 سے 1200 ممبران اسمبلی کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اگست 2022 میں ملک کے 75 ویں یوم آزادی تک تعمیراتی کام مکمل کرنے کا ہدف بنایا گیا ہے۔