بنگلورو13مارچ (ایس او نیوز) چین کے اوہان شہرسے نکل کر دنیا بھر میں دہشت ناک وباء کی صورت اختیار کرنے والے کرونافیملی کےCOVID-19 وائرس نے ریاست کرناٹکا کو خوفزدہ کردیا ہے، اس لئے ریاستی حکومت نے احتیاطی اقدام کے طور پران تمام مقامات کو ایک ہفتے کے لئے بندکردینے کا اعلان کیا ہے جہاں پر بڑی تعدا د میں لوگوں کا مجمع رہتا ہے یا ہجوم رہنے کے امکانات ہیں۔
شاپنگ مالس، سنیما تھیٹرس،شراب خانے، نائٹ کلبس، اسکول اور کالجوں کو 14مارچ سے ایک ہفتے تک کے لئے بند کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ایڈی یورپا نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ہنگامی صورتحال پر قابو پانے کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ عوامی مقامات پر لوگوں کے مجمع پر لگنے والی پابندی کے تحت شادی خانوں میں شادیوں کی تقریبات اوردیگر مقامات پر عوامی کانفرنس یا اجلاس بھی منعقد نہیں ہوسکیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلا فیصلہ ایک ہفتے تک صحت عامہ کے مفاد کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کی صدارت میں جمعہ کے ودھان سودھا میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی جس کے دوران کرناٹکا میں ایک ہفتے کا بند لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تمام اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ایک ہفتے تک چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے، اور اسکولوں میں چل رہے امتحانات کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ عوامی مجمع پر جو ایک ہفتے کی پابندی لگائی گئی ہے اس کے دوران کھیلوں کے مقابلے، طلبہ کے لئے سمر کلاسس، مذہبی تہواروں کا انعقاد وغیرہ نہیں کیا جاسکے گا اور مندروں کے تہواروں سے متعلقہ جلوس بھی نہیں نکالے جاسکیں گے۔البتہ اسمبلی کا جو سیشن چل رہا ہے وہ حسب معمول جاری رہے گا۔ اور سرکاری دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔
اسی دوران محکمہ صحت کے انفارمیشن، ایجوکیشن اینڈ کمیونی کیشن (آئی ای سی) اسپیشل آفیسرسریش شاستری نے بتایا کہ ”کلبرگی میں ایک شخص کی موت کے ساتھ ریاست میں کروناوائرس ٹیسٹ پوزیٹیو نکلنے کے 6معاملات سامنے آئے ہیں۔“
خیال رہے کہ کلبرگی میں فوت ہونے والے شخص کے بارے میں معلوم ہواتھا کہ وہ بیرون ملک مذہبی دورے سے واپس لوٹے تھے اور پھربیماری کے آثار دیکھ کرانہیں علاج کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھاجس کے بعدان کی موت واقع ہوئی تھی۔
ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے چیف سیکریٹری جاوید اخترنے شہر میں موجود تمام ممالک کے قونصل جنرل سے ملاقات کی اور کرناٹکا میں کرونا وائرس کی صورتحال اور محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ احکامات سے انہیں آگاہ کیا۔ سرکاری طور پر جاری ایک بیان کے مطابق”کووِڈ 19سے متاثرہ ممالک کا سفر کرکے کرناٹکا میں لوٹنے والے تمام بین الاقوامی مسافروں کوسختی کے ساتھ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ 14دنوں تک اپنے گھروں میں محدود رہیں۔“
ریاستی حکومت نے محکمہ صحت کے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اور انہیں تاحکم ثانی، عا م چھٹی کے دنوں میں بھی اپنے دفاتر میں حاضر رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔