ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا کے ضمنی انتخابات :ہانگل میں کانگریس کو ملی کامیابی ؛ سِندھگی میں بی جے پی نے درج کی جیت

کرناٹکا کے ضمنی انتخابات :ہانگل میں کانگریس کو ملی کامیابی ؛ سِندھگی میں بی جے پی نے درج کی جیت

Tue, 02 Nov 2021 17:35:35    S.O. News Service

بھٹکل 2 نومبر (ایس او نیوز)  ضلع ہاویری  کے ہانگل میں  ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریس  بی  جے پی کے حلق سے  سیٹ چھیننے میں کامیاب ہوگئی ہے، جبکہ  وجے پور ضلع کے سندگی میں جےڈی ایس کی سیٹ پھسل کر بی جے پی کے کھاتے میں چلی گئی ہے۔ دونوں اسمبلی  حلقوں میں انتخابی نتائج کا اعلان  منگل شام کو کیا گیا۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ہانگل میں کانگریس کے سرینواس مانے کو 7426 ووٹوں سے کامیابی ملی، جبکہ سِندگی میں بی جےپی کے رمیش بھوسانور    31185 ووٹوں کے فرق سے  کانگریس اُمیدوار کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ 

واضح رہے کہ کرناٹک کے وزیراعلیٰ بسوراج بومائی   ضلع ہاویری سے تعلق رکھتے  ہیں،  ضلع کے ہانگل میں  بی  جے پی کے  سی ایم اُداسی گذشتہ چھ انتخابات  میں لگاتار  اس سیٹ پر   جیت درج  کرتے آرہے تھے،  85 سالہ اُداسی کی اسی سال جون میں ہوئی موت کے بعد یہاں ضمنی انتخابات کرانا ضروری ہوگیا تھا۔ چونکہ وزیراعلیٰ بھی اسی ضلع کے ہیں، اس لئے  ہانگل کو بی جے پی کا قلعہ سمجھا جارہا تھا، مگر یہاں کانگریس نے  بی جے پی کے حلق میں سے سیٹ نکالنے میں کامیاب رہی ۔ ہانگل میں کانگریس کے شرینواس مانے کو   87113 ووٹ اور بی  جے پی کے  شیوراج سجّنور کو 79545 ووٹ ملے۔

دوسر ی طرف سِندھگی میں   اس سے قبل جے ڈی ایس اُمیدوار  ایم سی منگولی نے جیت درج کی تھی، اُن کا  اسی سال جنوری میں انتقال ہوگیا تھا اس لئے یہاں بھی ضمنی انتخابات کرانا ضروری ہوگیا تھا، اس بار ضمنی انتخابات میں ایم سی منگولی کے فرزند اشوک منگولی نے کانگریس کی ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا، مگر بی جے پی کے ہاتھوں انہیں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔  سِندھگی میں  ا س بار جےڈی ایس  کی  اُمیدوار  نازیہ انگڑی کو صرف  4,353 ووٹ ملے۔

سِندھگی میں  جیت درج کرنے والے  بی جے پی اُمیدوار  رمیش بھوسانور کو  93,865 ووٹ اور ٹکر دینے والے  کانگریس  اُمیدوار    اشوک مالپّا منگولی کو 62,680 ووٹ ملے۔ اس طرح یہاں بی جے پی نے  31,185 ووٹوں کے  بھاری فرق کے ساتھ شاندار  کامیابی حاصل کی۔ بتایا گیا ہےکہ  گذشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلہ میں اس بار کے ضمنی انتخابات میں کانگریس نے قریب تیس ہزار  زائدووٹ حاصل  کئے۔

واضح رہے کہ سِندھگی میں   رمیش بھوسانور  نے سن 2008 اور 2013 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی، البتہ 2018 کے انتخابات میں اُنہیں جےڈی ایس کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، مگر اس بار ضمنی انتخابات میں پھر ایک بار وہ بی جے پی کو جیت دلانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ ہانگل اور سِندھگی میں 30 اکتوبر کو ضمنی انتخابات منعقد ہوئے تھے ، ہانگل میں 83.72 فیصد اور سِندھگی میں 69.41 فیصد پولنگ درج کی  گئی تھی۔ہانگل میں کانگریس، بی جے پی اور جے ڈی ایس سمیت جملہ 13 اُمیدوار انتخابات میں اُترے تھے، اسی طرح سِندھگی میں   کانگریس، بی جے پی اور جے ڈی ایس سمیت جملہ  6 اُمیدوارانتخابی اکھاڑے میں شامل ہوئے تھے۔


Share: