ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک کے 28 حلقوں کیلئے دومرحلوں میں انتخابات

کرناٹک کے 28 حلقوں کیلئے دومرحلوں میں انتخابات

Mon, 11 Mar 2019 10:53:39    S.O. News Service

بنگلورو،11؍مارچ (ایس او نیوز) نئی دہلی کے وگیان بھون میں آج چیف الیکشن کمشنر نے عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے ۔ جس کے تحت ریاست میں 18 اور23 اپریل کو دو مرحلوں میں انتخابات کروائے جائیں گے ۔اس سلسلے میں ریاستی انتخابی کمشنر سنجے کمار نے اخباری کانفرنس کے دوران تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہاکہ پہلے مرحلہ میں ریاست کے 14 لوک سبھا حلقوں میں اور دوسرے مرحلے میں مزید 14 پارلیمانی حلقوں میں انتخابات کرائے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست کے جملہ 28 حلقوں میں 7 درج فہرست وقبائل طبقات کیلئے مختص کئے گئے ہیں ۔بیجاپور، گلبرگہ، چتردرگہ، چامراج نگر اورکولار ،ایس سی طبقہ کے لئے جبکہ رائچور اور بلاری کو ایس ٹی طبقہ کیلئے ریزرورکھا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں ہونے والے پہلے مرحلہ کے انتخابات کے لئے 19 مارچ کو نوٹی فکیشن جاری ہوگا۔ 26 مارچ کو نامزدگی کاغذات داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی ۔ 27 مارچ کو پرچوں کی جانچ اور29 مارچ کو نامزدگی کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ 18 اپریل کو ریاست کے 14 لوک سبھا حلقوں کیلئے پولنگ مقرر کی گئی ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی ۔

انتخابی کمشنر نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ میں ہونے والے ریاست کے مزید 14 پارلیمانی حلقوں کے انتخابات کیلئے 28 مارچ کو نوٹی فکیشن جاری ہوگا۔ 4 اپریل نامزدگی پرچے داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ 5 اپریل کو نامزدگی کاغذات کی جانچ اور8 اپریل کو نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔ ریاست میں دوسرے مرحلے کی پولنگ 23 اپریل کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو بیک وقت ہوگی۔ پہلے مرحلہ میں اڈپی، چکمگلور، ہاسن، جنوبی کنیرا،چتردرگہ، ٹمکور، منڈیا، میسور، چامراج نگر، بنگلور دیہی ،بنگلورنارتھ، بنگلور سنٹرل، بنگلور ساؤتھ ،چکبالاپور اورکولار لوک سبھا حلقوں میں اور دوسرے مرحلہ میں چکوڈی، بلگاوی، باگل کوٹ، وجئے پور، کلبرگی، رائچور، بیدر، کوپل، بلاری، ہاویری، دھارواڑ، شمالی کنڑا، داونگرے اورشیموگہ پارلیمانی حلقوں کے لئے پولنگ ہوگی۔

اس مرتبہ پارلیمانی انتخابات میں ریاست میں جملہ 50346721 ووٹر اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے جن میں 25494711 مرد 24847292 خواتین 39539 سرویس ووٹ اور 4718 تیسری جنس کے ووٹرس ہیں۔ 2014 عام انتخابات میں ریاست میں 54,265 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔ اس مرتبہ ان کی تعداد بڑھ کر 58,186 ہوچکی ہے ۔جس کے تحت 7 فیصد پولنگ اسٹیشنوں کا اضافہ ہوا ہے ۔ پولنگ بوتھس میں پانی، بیت الخلاء اوربجلی کا انتظام رہے گا ۔ان انتخابات میں نوٹا(تمام امیدواروں کے تئیں ناپسندیدگی ظاہرکرنا) بھی شامل رہے گا۔ تمام الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ (ووٹر ویریفائیبل پیرآڈٹ ٹریل) وی ۔پیٹ مشینیں نصب رہے گی ۔ لاؤڈاسپیکر کے استعمال پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور طے شدہ وقت کے اندر ہی اس کے استعمال کی اجازت ہوگی۔رات 10بجے سے صبح 6بجے تک انتخابی مہم پر پابندی رہے گی۔ تمام حساس بوتھوں کی ویڈیو گرافی کی جائے گی ۔اورغیرجانبدارانہ پولنگ کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں گے ۔ ریاستی انتخابی افسر نے بتایا کہ حساس علاقوں میں نظم وضبط کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے نیم فوجی دستوں کو بھی تعینات کیا جائے گا ۔ تمام امیدواروں کو اپنے مجرمانہ ریکارڈ کی جانکاری دینی ہوگی۔ انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کے لئے ایک اینڈرائڈ موبائل ایپ جاری کیا جائے گا۔اخباری کانفرنس میں ایڈیشنل سی ای او جگدیش آئی اے ایس اور اجئے ناگ بھوشن بھی شریک تھے ۔


Share: