بنگلورو،27؍جون(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کے استحکام کے متعلق سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کے بیان پر نائب وزیراعلیٰ اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے بھی سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ دبے الفاظ میں ان کے بیان کی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ اس حکومت کی عمر کے متعلق بے ہودہ بیانات دینے میں لگے ہیں۔ کہہ رہے ہیں کہ یہ حکومت چھ ماہ ، سال دو سال آخر کتنی دیر تک چلے گی؟۔موجودہ حالات میں ان تمام لوگوں کے بیانات بے معنی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اس حکومت کے مستقبل پر سوال اٹھانا غلط ہے۔ اس حکومت کو پانچ سال اقتدار پر رہنے کا عوام نے فرمان جاری کیا ہے، کانگریس عوام کے اس فرمان کا احترام کرے گی۔ انہو ں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کما ر سوامی 5جولائی کو پیش ہونے والے بجٹ میں کسانوں کے قرضوں کی معافی کے متعلق اہم اعلانا ت کرنے والے ہیں۔ کانگریس کسانوں کی فلاح کے لئے حکومت کی طرف سے جو بھی اعلان کیا جائے گا اس کی بھرپو ر تائید کرے گی۔
نائب وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ جب تک ریاستی حکومت عوام کے کمزور طبقات کی فلاح وبہبود کے لئے متحرک رہے گی کانگریس کا ساتھ اسے ہمیشہ ملتا رہے گا۔ ان طبقوں کی ترقی کے لئے سابقہ حکومت نے جو منصوبے رائج کئے ہیں ان کو بھی عوام کے مفاد میں آگے بڑھانے پر غور کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام کی فلاح وبہبود کے معاملے میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کے مابین کوئی اختلاف نہیں ہے۔ دونوں پارٹیاں مل کر ریاست کو ترقی کی جانب لے جانے کے لئے کام کریں گی۔ ایوان کے اندر اور باہر اس حکومت کو بدنام کرنے کی کسی بھی کوشش ناکام بنادیا جائے گا۔ ریاست میں پولیس حکام کی طرف سے بے قصور افراد کے خلاف فرضی مقدمے دائر کرنے کی شکایت پر نائب وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس سلسلے میں رپورٹ طلب کرکے مناسب کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔
ریاست میں نظم وضبط کے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت تمام اقدامات اٹھارہی ہے۔ ریاست کے بعض علاقوں میں جعلی نوٹوں کے چلن کی رپورٹوں پر نائب وزیراعلیٰ نے جن کے پاس داخلہ کا قلمدان بھی ہے کہاکہ ان تمام معاملوں پر حکومت کافی سنجیدگی سے کارروائی کررہی ہے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے کا یہ اعلان کہ وہ سابق وزیراعلیٰ سدرامیا سے ملاقات کر کے ان سے بات چیت کریں گے ، ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ میڈیا کے ذریعے انہیں یہ خبر ملی ہے۔ کانگریس کے رہنماؤں کی آ پس میں ملاقاتیں اکثر ہوتی رہتی ہیں، توقع ہے کہ سدرامیا اور کھرگے کی ملاقات کانگریس جنتادل (ایس) مخلوط حکومت کے لئے فال نیک ثابت ہو۔