بنگلورو، 20؍جنوری (ایس او نیوز) انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کانپور کی طرف سے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے متعلق کئے گئے تازہ تجزیے کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر 23جنوری کو بام عروج پر رہے گی اور اس روز کووڈ کے تازہ معاملات کی تعداد4لاکھ سے متجاوز نہیں ہوگی-
آئی آئی ٹی کانپور کے پروفیسر منندراگروال نے کہا ہے کہ اومیکرون کے سبب اٹھنے والی کووڈ کی تیسری لہر دہلی،ممبئی اور کولکتہ میں اپنے عروج کو پارکرچکی ہے - ان شہروں میں اب یہ لہر زوال پذیر ہے - مہاراشٹرا میں 19جنوری کو یہ لہر اپنے عروج کو پارکرگئی -ہریانہ میں 20 جنوری کو اپنے عروج سے پارکرجائے گی- جنوبی ریاستوں کرناٹک، آندھرا پردیش اورتملناڈو میں کووڈ کی لہر اگلے ہفتے عروج پر رہے گی-
ڈاکٹر اگروال نے کہا ہے کہ کرناٹک میں 25 جنوری کو کووڈ کی لہر عروج تک پہنچے گی جب کہ آسام میں 26 جنوری کو سب سے زیادہ کیس سامنے آسکتے ہیں -آندھرا پردیش میں 30جنوری کو کووڈ کی تیسری لہر عروج پر رہے گی-اس کے بعد مختصر وقفے میں کووڈ کے کیسوں کی تعداد ملک بھر غیرمعمولی طورپر گرے گی-