بنگلورو، 25؍اپریل (ایس او نیوز) حکومت کرناٹک کی طرف سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے نافذ کئے گئے ویک اینڈ کر فیو کوممکن ہے کہ ایک ہفتہ کے لئے بڑھا دیا جائے۔ سرکاری حلقوں میں اس بات پر غور کیا جار ہا ہے کہ 4 مئی تک اس کر فیو میں توسیع کر دی جائے ۔ اس بات کا اشارہ خود کرناٹک کے چیف سکر یٹری روی کمار نے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ برہت بنگلورومہانگر پالیکے نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ شہر بنگلورو میں نافذ ویک اینڈ کر فیوکو آنے والے دنوں میں ایک دو ہفتوں کے لئے یونہی جاری رکھ دیا جائے ۔ حکومت بھی اس کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اس طویل مدتی کرفیو سے تکلیف ضرور ہو گی ۔انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ شہر بنگلورو میں کورونا کی صورتحال انتہائی سنگین ہے ۔ اب ڈاکٹرس اور نرس کورونا سے متاثر ہور ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے متاثرین کے علاج کے لئے جتنے چاہے اتنے بستر مہیا کروائے جاسکتے ہیں لیکن آئی سی یواور آکسیجن کی سہولتوں سے لیس بستروں کی فراہمی راتوں رات نہیں ہوسکتی ۔ اس طرح کی سہولت فراہم کر نے کے لئے کم از کم دو ہفتوں کا وقت درکار ہے لیکن اس وقت تک ہنگامی صورتحال کو کیسے قابو میں کیا جائے ریاستی انتظامیہ کی توجہ اب اس پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن سے ریاست کی معاشی سرگرمیاں بھی مفلوج ہو جائیں کی لیکن حکومت کو مجبوراً ان امکانات پر غور کر نا پڑ رہا ہے ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ویک اینڈ کر فیوکو وسعت دی جائے یا نہیں ،الگ بات ہے لیکن لوگوں کو بے وجہ گھر و ں سے نکلنے کا سلسلہ روکنا چاہئے ۔
نائب وزیر اعلی اشوتھ نارائن نے بھی بنگلورو میں کرفیو کو مز ید مدت کے لئے بڑھانے کے لئے بی بی ایم پی کی طرف سے پیش کی گئی تجویز کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ شہر بنگلورو میں حالات جو خطرناک رُخ اختیار کر تے جار ہے ہیں وہ اس بات کا تقاضہ کر تے ہیں کہ کر فیو کی مدت میں مزید توسیع ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری حلقوں میں مختلف سطحوں پراس مشورے پر غور کیا جارہا ہے ۔ پیر کے روز ہونے والے کا بینہ اجلاس کے دوران اس معاملہ پر قطعی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔
وز یر صحت سدھا کر نے بھی بی بی ایم پی کی طرف سے اس سلسلہ میں تجویز کے بارے میں انکشاف کیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اس طرح کا قدم اٹھانے کے لئے مجبور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ ایڈی یور پا فیصلہ کا اعلان کر یں گے ۔
بتایا جا تا ہے کہ پیر کی صبح طلب کئے گئے کا بینہ اجلاس میں تین اہم نکات پر غور کیا جائے گا ان میں پہلالاک ڈاؤن کی توسیع کا ہوگا ، دوسرا بنگلورو سمیت ریاست کے تمام علاقوں میں نافذ ضوابط میں مزید سختی لانے کے متعلق اور اس کے ساتھ ریاست بھر میں کورو نا ویکسین مفت مہیا کروانے کے لئے وزراء کی طرف سے تجویز پیش کی جاسکتی ہے۔ ممکن ہے کہ اس اجلاس میں تینوں معاملوں پر فیصلہ کا اعلان کیا جائے۔
- ممکنہ لاک ڈاؤن کے دوران آٹو رکشا اور بس نہیں چلیں گے
- تعمیراتی سرگرمیوں پر روک
- صنعتوں کو بند کردینے کی ہدایت
- ہوم ڈلیوری پر مکمل پابندی
- کھانے پینے کی اشیاء پر پابندی