ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحان کے پہلے دن بیس ہزار سے زائد طلبا غیر حاضر؛ بیشتر مقامات پر مسلم طالبات حجاب اتار کر امتحان لکھنے پر مجبور

کرناٹک میں ایس ایس ایل سی امتحان کے پہلے دن بیس ہزار سے زائد طلبا غیر حاضر؛ بیشتر مقامات پر مسلم طالبات حجاب اتار کر امتحان لکھنے پر مجبور

Tue, 29 Mar 2022 08:24:44    S.O. News Service

بنگلورو،29؍مارچ (ایس او نیوز) ریاست بھر میں پیر سے ایس ایس ایل سی کے امتحانات شروع ہوگئے۔ اس امتحان کے لئے 8،69،399 طلبا نے اپنے نام درج کروائے تھے، جن میں سے 8،48،405 طلبا نے پہلے روز امتحان میں حاضری دی یعنی   20994 طلبا امتحا ن میں  غیر حاضر رہے۔ بتاتے چلیں کہ گذشتہ سال  صرف 3,769 طلبہ غیر حاضر رہے تھے۔

اس بار پہلی بار امتحان دینے والے طلبہ کی تعداد 8،11،195  ہے، 35509 طلبا نے پرائیویٹ امتحان دیا جبکہ 1701 رپیٹرس  ہیں ۔ صحت خراب ہونے کی وجہ سے ریاست بھر میں 339 طلبا کو الگ کمروں  میں بٹھا کر امتحان لکھنے کا موقع دیا گیا، اس طرح  طلبا کی حاضری کا مجموعی اوسط 97.59 فیصد رہا۔ 

محکمہ تعلیم نے بتایا ہے کہ ایس ایس ایل سی امتحان میں نام درج کروانے اور حاضر ہونے والے طلبا کے اوسط کا اگر جائزہ لیا جائے تو رواں سال کا اوسط گزشتہ سال کے اوسط سے تھوڑا کم ہے۔ گزشتہ سال طلبا کی امتحان میں حاضری کا اوسط 99.54 فیصد رہا جبکہ رواں سال تقریباً 2 فیصد کم۔ بعض مقامات پر حجاب کے استعمال کو لے کر تنازعہ کھڑا ہوا لیکن بیشتر مقامات پر بچیوں نے حجاب باہر اتار کر امتحان کے کمرے میں داخلہ لیا اور تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگ میل مانے جانے والے اس ہ امتحان  میں شریک ہوئیں۔ 

میسورو کے ٹی نرسی پور میں امتحان کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انوشری نامی ایک طالبہ کی موت ہوگئی۔ تعلقہ کے مادا پورا ہائی اسکول کی طلبا انوشری امتحان کے مرکز میں پہلا امتحان لکھنے کے لئے پہنچی تھی۔ امتحان کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے سبب اس کی حالت خراب ہوگئی۔ اس کا علاج کرنے کی کوشش کی گئی لیکن اس نے دم توڑ دیا۔

بعض مقامات پر مسلم طالبات نے حجاب پہن کر ہی امتحان لکھا ، بعد میں ان سے جب حجاب اتار نے کے لئے کہا گیا تو انہوں نے اسے اتار دیا۔ بیشتر مسلم طالبات گھروں سے امتحان کے مرکز تک برقع اور حجاب پہن کر پہنچیں اور امتحان کے کمرے میں داخل ہونے سے پہلے انہوں نے حجاب اتار کر یونیفارم میں امتحان لکھا۔ البتہ کئی دوسرے  علاقوں میں طالبات نے حجاب اُتارنے سے انکار کرتے ہوئے  امتحان کا بائیکاٹ بھی کیا۔ اس دوران امتحان کے پہلے دن دوسروں کے لئے امتحان لکھنے کے لئے پہنچے 6  فرضی طلبا کو چکوڈی پولیس کی جانب سے گرفتار کر نے کی بھی واردات پیش آئی۔

با حجاب ایکزامنر معطل :  اس دوران ہائی کورٹ کی طرف سے اس وضاحت کے باوجود کہ حجاب کے متعلق اس کے حکم کا اطلاق اساتذہ پر نہیں ہوگا، بنگلورو کے ایک ایس ایس ایل سی ایکزامنیشن سنٹر میں حجاب پہن کر آنے والی ایک ایکزامنر نور فاطمہ کو معطل کرنے کی واردات پیش آئی۔  بنگلورو شہر کے راجہ جی نگر کے کے کے ٹی ایس وی ایکزامنیش سنٹر میں نور فاطمہ امتحان لینے کے لئے حجاب پہن کر پہنچی تھی مگر  ان کو امتحان کے مرکز میں داخل ہونے سے روک کر معطل کردیا گیا اور ان کی جگہ کسی اور کو امتحان لینے کے لئے متعین کردیا گیا۔ 


Share: