ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں آپریشن کمل شروع کرنے یڈیورپا کی پہل کو بی جے پی چیف امت شاہ نے کردیا مسترد

کرناٹک میں آپریشن کمل شروع کرنے یڈیورپا کی پہل کو بی جے پی چیف امت شاہ نے کردیا مسترد

Mon, 24 Dec 2018 21:56:46    S.O. News Service

بنگلورو۔24؍دسمبر(ایس او  نیوز) کانگریس کے گھر میں برگشتگی کے سبب لگی آگ میں اپنی روٹیاں سینکنے کی تیاریوں میں لگی بی جے پی ایسا کوئی موقع گنوانا نہیں چاہتی جس کے ذریعے وہ ریاست کے اقتدار پر قابض ہوسکے۔ ریاستی کابینہ میں ردوبدل اور توسیع کے بعد کانگریس کے متعدد اراکین اسمبلی کی ناراضی اور اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے برطرف وزیر رمیش جارکی ہولی کی دھمکی کو دیکھتے ہوئے آج ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ کو حالات سے واقف کرایا اور خواہش ظاہر کی کہ ریاستی بی جے پی کو آپریشن کمل آگے بڑھانے کا موقع دیا جائے۔ تاہم حالیہ اسمبلی انتخابات میں رسوا کن شکست سے دو چار بی جے پی قومی صدر امت شاہ نے یڈیورپا کو ایسی کوئی بھی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا اور ہدایت دی کہ اس معاملے میں بی جے پی احتیاط سے قدم اٹھائے، کہیں ایسا نہ ہوجائے کہ آپریشن کمل کی کوشش میں بی جے پی اپنے ہی اراکین کو دوسرے خیموں کی طرف گنوا دے۔

بتایاجاتاہے کہ یڈیورپاکو امت شاہ نے اس بات کے لئے لتاڑا ہے کہ وہ مخلوط حکومت میں ہونے والے ہر چھوٹے بڑے تنازعے کے سبب بی جے پی کو آپریشن کمل کے لئے تیار نہ کریں بلکہ حالات کا انتظار کریں۔ وزیر اعلیٰ بننے کے لئے یڈیورپا کی عجلت پر امت شاہ نے برہمی ظاہر کی اور ان سے کہا ہے کہ جب تک حالات بی جے پی کے حق میں ساز گار نہیں ہوجاتے اس وقت تک انتظار کیا جائے ، جلد بازی میں کی گئی کوئی بھی حماقت پارٹی کے لئے نقصان کا باعث بن سکتی ہے، اگر ایسا ہوا تو پارٹی کسی کو بخشنے والی نہیں ہے۔ کہاجاتاہے کہ پارٹی کے قومی صدر کی ہدایت کے مطابق یڈیورپا نے آپریشن کمل کو آگے بڑھانے میں عجلت نہ کرنے اور اعلیٰ کمان کے فیصلے کا انتظار کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔


Share: