منگلورو ،2 ؍ مارچ ( ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کے ساحلی ضلع اُڈپی سے شروع ہونے والا حجاب معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اگلے دو چار دنوں کے اندر فیصلہ سنائے جانے کی توقع ہے، مگر اس درمیان حجاب معاملے کی سماعت کرنے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے 3 ججوں میں سے ایک کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کرنے کے الزام میں فیس بک پینچ ’منگلورمسلمس ‘ کے ایڈمین اور ایک دیگر شخص کے خلاف معاملہ درج کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بنگلورو ساؤتھ زون کی سائبر کرائم برانچ نے 23 ؍فروری کو بنگلورو کے باشندہ عتیق شریف اور ’منگلور مسلمس‘ کے ایڈمن کے خلاف معاملہ درج کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عتیق شریف نے 12 ؍ جنوری کو ایک جج کے خلاف توہین آمیز مواد پوسٹ کیا تھا، جس میں ان کی شاخ اور ایمانداری پر سوال اٹھایا گیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ جج کے خلاف اس پوسٹ کو پسند کرنے والوں پر بھی تعزیرات ہند کے تحت کارروائی ہوسکتی ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت ہوا ، جب اسی جج کے کے خلاف کنڑ اداکار چیتن کمار اہمسا نے توہین آمیز تبصرہ کیا تھا ، جنہیں گرفتار کر کے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ حجاب معاملے کی سماعت کیلئے خصوصی طور پر تشکیل شدہ 3 ججوں پر مشتمل بنچ میں چیف جسٹس ریتوراج اوستھی ، جسٹس زیب النساء محی الدین قاضی اور جسٹس کرشنا ایس دکشت شامل ہیں۔