ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک الیکشن:جے ڈی ایس کا انتخابی منشور جاری، اقلیتوں کی ترقی کے لئے بڑے بڑے دعوے

کرناٹک الیکشن:جے ڈی ایس کا انتخابی منشور جاری، اقلیتوں کی ترقی کے لئے بڑے بڑے دعوے

Mon, 07 May 2018 22:49:36    S.O. News Service

بنگلورو ،07؍مئی ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) جے ڈی ایس سربراہ اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج بنگلورو میں پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا۔ اس منشور میں مسلمانوں کی ترقی سے متعلق بڑے بڑے دعوے کئے گئے ہیں۔ منشور میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی طرز پرگلبرگہ میں یونیورسٹی قائم کرنے، ضلع سطح پر زکوٰتہ بورڈ قائم کرنے، مسلم خواتین کی تعلیمی ترقی کے لئے متعدد اقدامات کرنے کے وعدے کئے گئے ہیں۔ مزید برآں، بنگلورو میں اقلیتی طبقہ کی لڑکیوں کیلئے100ہاسٹل تعمیر کرنے، ہر ضلع میں10ہاسٹل تعمیر کرنے، درگاہوں اور اوقاف اداروں کے ذریعہ تعلیمی ترقی اور اوقافی اداروں کے تحت تعلیمی ادارے قائم کرنے کیلئے مالی مدد فراہم کرنے کے وعدے کئے گئے ہیں۔

منشور میں کہا گیا ہے کہ اسلامک ڈیولپمٹ بینک کے مالی تعاون سے مسلم طلبہ کو روزگار سے جوڑا جائے گا اور اس کے لئے تربیتی مراکزقائم کئے جائیں گے۔

ریاست کے سابق وزیراعلی کماراسوامی نے اس موقع پرکہا کہ اقتدار میں آنے پر اسرائیل کی طرز زراعت کا ماڈل اختیار کیاجائے گا۔ خط افلاس کی زندگی گزارنے والے ہر خاندان کو 30کیلو چاول، معمر شہریوں کے لئے مفت بس پاس کی سہولت دی جائے گی۔ جے ڈی ایس نے اپنے منشور میں کہا کہ کسانوں کو مفت تخم اور کھادفراہم کی جائے گی ،ساتھ ہی حاملہ خواتین،ضعیف افراد ،معمر شہریوں اور بیوگان کو وظیفہ فراہم کیاجائے گا۔ جے ڈی ایس نے تمام بی پی ایل خاندانوں کے لئے مفت بجلی، زرعی قرضہ جات کی معافی کا بھی وعدہ کیا۔


Share: